لندن میں ہائی کمشنر ٹِپو عثمان نے قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی، وژن اور ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ نمائش ’Legacy Beyond Time‘ کا افتتاح کردیا۔
یہ نمائش مونٹ روز فاؤنڈیشن اور پاکستان ہائی کمیشن کے زیرِ اہتمام لندن کے تاریخی نیشنل لبرل کلب میں منعقد کی گئی، جس کے قائداعظم محمد علی جناح رکن رہ چکے ہیں۔
نمائش میں قائداعظم محمد علی جناح کی آبی رنگوں (واٹر کلر) سے تیار کردہ تصاویر پیش کی گئیں، جنہیں فنکارہ امیرہ راشد نے تخلیق کیا ہے۔
نمائش میں قائداعظم محمد علی جناح کے بڑی تعداد میں برطانوی اور پاکستانی مداحوں نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ہائی کمشنر نے کہا کہ قائداعظم قانون کی حکمرانی، مدلل گفتگو، مکالمے اور سیاسی مذاکرات پر پختہ یقین رکھتے تھے۔
ٹِپو عثمان نے کہا کہ قائداعظم کا ورثہ صرف اس جدوجہد کو یاد کرنے تک محدود نہیں جس کے نتیجے میں پاکستان کا قیام عمل میں آیا، بلکہ اس جدوجہد کی رہنمائی کرنے والے اصولوں اور اقدار کو سمجھنا بھی اسی قدر اہم ہے۔
ہائی کمشنر نے نمائش کے انعقاد پر مونٹ روز فاؤنڈیشن کے سی ای او بلال شیخ کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے بلال شیخ کی جانب سے قائداعظم کی ایک تصویر بنوانے کے اقدام کو بھی سراہا، جو مستقل طور پر نیشنل لبرل کلب میں آویزاں ہے۔
دیگر مقررین نے بھی قائداعظم محمد علی جناح کی قانونی بصیرت، جمہوری اصولوں اور اس جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا جو پاکستان کی آزادی پر منتج ہوئی۔
یہ نمائش قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی یاد میں اس سال منعقد کی جانے والی تقریبات کے سلسلے کا حصہ ہے، جو پاکستان ہائی کمیشن، لندن کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہیں۔