سفارتخانہ پاکستان ویانا میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس کی سرپرستی سفیر پاکستان محمد کامران اختر ملک نے کی۔
آسٹریا بھر سے پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے وطنِ عزیز سے محبت کا اظہار کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت منظور ریاض بٹ نے حاصل کی جبکہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض تھرڈ سیکریٹری سعیدہ مبشرہ عروج نے انجام دیئے۔
ڈپٹی ہیڈ آف مشن عدیل خان آفریدی نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے قوم کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے جبکہ سفیر پاکستان محمد کامران اختر ملک نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کا پیغام پڑھ کر حاضرین و شرکاء کو سنایا۔
سفیر پاکستان محمد کامران اختر ملک نے پرچم کشائی کی رسم ادا کرتے ہوئے قومی سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا۔
اس موقع پر قومی ترانے کی سریلی دھنیں بجائی گئیں اور شرکاء نے قومی پرچم کو تالیاں بجا کر خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے حاضرین کو یوم آزادی پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے تحریکِ پاکستان کے قائدین اور بالخصوص قائداعظم محمد علی جناح کی دوراندیش اور دانشمندانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے پاکستان کو ایک جمہوری، ترقی پسند اور اسلامی ملک بنانے کے قائداعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سفیر پاکستان نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں قوم کی کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا پرامن اور مثبت انداز میں جواب دیں۔
آخر میں سفیرِ پاکستان محمد کامران اختر ملک نے پاکستانی کمیونٹی کا یومِ آزادی پاکستان کی سفارتخانہ ویانا میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔