بھارتی اداکارہ شویتا تیواری کو ڈینگی کی تشخیص کے بعد اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 45 سالہ اداکارہ چند روز قبل علیل ہوئیں، جس کے بعد ان کی بیماری کی خبر سامنے آنے پر مداحوں نے سوشل میڈیا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شویتا تیواری ریئلٹی شو ’دی ٹریٹرز سیزن 2‘ کے 21 شرکا میں شامل ہیں، جس کا پریمیئر 13 اگست کو پرائم ویڈیو پر ہوا۔
اداکارہ شو کے پرومو میں اپنے بے باک جواب کے باعث بھی خاصی توجہ حاصل کرچکی ہیں، شو کے میزبان کرن جوہر نے جب کہا کہ ’آپ جھوٹے کو پکڑنے میں اتنی اچھی نہیں ہوسکتیں‘ تو شویتا تیواری نے جواب دیا کہ ’میں نے ہی اپنے شوہروں کو دھوکا دیتے ہوئے پکڑا تھا۔‘
شویتا تیواری کی اسپتال میں داخلے کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ان کے سابق شوہر راجا چوہدری کا ایک انٹرویو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔ انٹرویو میں راجا چوہدری نے اپنی شادی کے حوالے سے متعدد دعوے کیے اور شویتا تیواری پر ازدواجی زندگی کے دوران متعدد تعلقات رکھنے کے الزامات عائد کیے۔