ڈنمارک کی 19 سالہ شہزادی ازابیلا نے 3 اگست سے 11 ماہ کی فوجی سروس کا آغاز کر دیا جس کے بعد وہ مکمل لازمی فوجی تربیت حاصل کرنے والی ڈنمارک کے شاہی خاندان کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
شہزادی ازابیلا، بادشاہ فریڈرک دہم اور ملکہ میری کی بڑی صاحبزادی ہیں، انہوں نے حال ہی میں اسکول کی تعلیم مکمل کی اور فوجی رجمنٹ میں رپورٹ کیا۔
شاہی خاندان کے مطابق شہزادی نے فوجی سروس کے دوران ملنے والی تنخواہ اور یومیہ الاؤنس لینے سے انکار کر دیا ہے اور وہ اپنے اخراجات والدین کی مالی معاونت سے پورے کریں گی۔
اس سے قبل ان کے بڑے بھائی ولی عہد شہزادہ کرسچین بھی فوجی تربیت مکمل کر چکے ہیں۔
ڈنمارک نے یورپ کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، یوکرین جنگ اور آرکٹک میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر 2024ء میں خواتین کے لیے بھی لازمی فوجی سروس متعارف کروائی اور اس کی مدت 4 ماہ سے بڑھا کر 11 ماہ کر دی تھی۔
رواں ہفتے تقریباً 1600 نوجوانوں نے نئی فوجی سروس کا آغاز کیا جبکہ رواں ماہ بعض اہلکاروں کو پہلی بار گرین لینڈ میں بھی تعینات کیا جائے گا۔