پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے اپنی خوبصورت بانسری کی دھن اور اپنے پالتو طوطے کے ساتھ دلکش ویڈیو شیئر کر کے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔
عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں وہ معروف موسیقار اے آر رحمٰن اور شنکر جے کشن کی دھنوں کو یکجا کرتے ہوئے کلاسک گیت خط کی بانسری پر دلنشیں دھن بجا رہے ہیں۔
تاہم اس ویڈیو کی اصل توجہ کا مرکز ان کی موسیقی نہیں بلکہ ان کا پالتو طوطا بن گیا، جس نے اپنی معصوم حرکات سے ساری محفل لوٹ لی۔
ویڈیو کے ساتھ عدنان صدیقی نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ دوپہر آرام سے گزار رہا تھا کہ بانسری بجانے کا دل کیا اور خط کی دھن چھیڑ دی، اتنے میں یہ صاحب بھی مرکزی کردار والے انداز میں تشریف لے آئے، پوری دھن کے دوران میرے ساتھ رہے، انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑا کہ میں نے ہر سُر درست لگایا یا نہیں، اب آپ ہی بتائیں، کیا اصل شو اسی نے چرا لیا؟
ویڈیو میں طوطا ناصرف پوری پرفارمنس کے دوران عدنان صدیقی کے ساتھ موجود رہا بلکہ اپنی دلچسپ حرکات سے ناظرین کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کراتا رہا۔
طوطے کے لیے صارفین نے کمنٹس میں شاندار، لاجواب اور بہترین میوزیکل پارٹنر جیسے تعریفی جملے لکھے، شوبز شخصیات نے بھی اس ویڈیو کو خوب سراہا۔