بھارتی شہر ناگپور کی پولیس نے ممبئی کے رہائشی 20 سالہ بی بی اے کے طالب علم نرمیہ مادھو پکھارے کو 12ویں جماعت کی طالبہ کو مبینہ طور پر اغواء کرنے، تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم نے گزشتہ سال انسٹاگرام پر ’آکاش مہرا‘ کے جعلی نام سے 16 سالہ طالبہ سے دوستی کی تھی، بعد ازاں وہ اسے بلیک میل کرتا رہا اور تعلق برقرار نہ رکھنے کی صورت میں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دیتا رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دو روز قبل طالبہ کے 20 گھنٹے سے زائد وقت گزر جانے کے بعد بھی گھر نہ پہنچنے اور موبائل فون بند ہونے پر والد نے اغواء کا مقدمہ درج کروایا، پولیس نے تقریباً 20 گھنٹے کی تلاش کے بعد طالبہ کو ناگپور کے علاقے ڈیگھوری میں ایک کرائے کے فلیٹ سے بازیاب کروا لیا۔
پولیس کے مطابق طالبہ کو جب بازیاب کروایا گیا تو اس وقت اسکے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے جبکہ ملزم کے قبضے سے ایک چاقو بھی برآمد ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ طالبہ کو علاج کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے فلیٹ کرائے پر لے رکھا تھا اور اس سے قبل بھی وہ طالبہ کو وہاں لا چکا تھا، پولیس نے انسٹاگرام چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے موبائل فون، انسٹاگرام اکاؤنٹ اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا فرانزک جائزہ لیا جا رہا ہے۔