بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ جاپان کی صفائی ستھرائی دیکھ کر حیران رہ گئے۔
دلجیت دوسانجھ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر جاپان کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں انہیں آئسکریم خرید کر اسے کھانے کے بعد کچرا پھینکنے کے لیے کوڑے دان تلاش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
گلوکار نے ویڈیو میں جاپان کی صاف ستھری سڑکوں کی کچھ جھلکیاں دکھاتے اور دلچسپ انداز میں صفائی کے لیے موجود انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان اتنا صاف ستھرا ہے کہ ان لوگوں نے کوڑے دان ہی صاف کر دیے ہیں، کہیں کوئی کوڑے دان نہیں ہے۔
ویڈیو میں وہ جاپان میں ایک انگوٹھی خریدتے اور پھر ایک ریسٹورینٹ میں جاپان کے مقامی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جاپان میں یہ اصول ہے کہ اگر آپ گھر سے باہر کہیں بھی کچھ بھی کھائیں پیئیں گے، اس دوران جو بھی کچرا ہو گا اسے اپنے ساتھ گھر لے کر جائیں گے۔
یہی وجہ ہے کہ جاپان میں سڑکوں پر کہیں بھی کوڑے دان موجود نہیں ہوتے۔