امریکی پاپ اسٹار کیٹی پیری مالٹا میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران ایک منفرد اسٹیج اسٹنٹ کے دوران مشکل میں پھنس گئیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
41 سالہ گلوکارہ نے اپنی پرفارمنس کے دوران مشہور گانے پر ایک دلچسپ پروپ استعمال کیا، کیٹی پیری ایک دیوہیکل پھولنے والی پانی کی بوتل کے اندر چلی گئیں۔
منصوبے کے مطابق شائقین نے اس بوتل کو ہجوم کے اوپر سے گزارتے ہوئے اسٹیج کے قریب موجود ایک بڑے اسٹرا کی جانب لے جانا تھا، تاہم صورتِ حال اس وقت بگڑ گئی جب شائقین بوتل کو اسٹیج کی جانب واپس لے جانے کے بجائے مزید ہجوم کے اندر لے گئے۔
ویڈیو میں کیٹی پیری کو بوتل کے اندر اپنا توازن برقرار رکھنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جب گلوکارہ کو احساس ہوا کہ وہ اسٹیج سے دور ہوتی جا رہی ہیں تو انہوں نے مداحوں سے چیخ کر کہا کہ اسٹیج کی طرف واپس جاؤ۔
کئی منٹ تک جاری رہنے والی اس غیر متوقع صورتِ حال کے بعد بالآخر مداحوں نے دیوہیکل بوتل کا رخ تبدیل کیا اور کیٹی پیری کو باحفاظت واپس اسٹیج کی جانب پہنچا دیا، جہاں انہوں نے اپنی پرفارمنس مکمل کی۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر گفتگو کرتے ہوئے کیٹی پیری نے ہنستے ہوئے بتایا کہ میں دیوہیکل پھولنے والی پانی کی بوتل میں بیٹھ کر ہجوم میں جاتی ہوں، لیکن اس رات میں معمول سے کہیں زیادہ دور چلی گئی تھی اور مجھے خدشہ ہونے لگا تھا کہ شاید میں واپس اسٹیج تک نہ پہنچ سکوں۔
واقعے کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا، مداحوں نے کیٹی پیری کے مشہور گانے کے بولوں کو مزاحیہ انداز میں تبدیل کرتے ہوئے مختلف پوسٹس شیئر کی ہیں۔
بعض صارفین نے اس اسٹنٹ کے حفاظتی انتظامات پر بھی سوالات اٹھائے ہیں اور حیرت کا اظہار کیا ہے کہ بغیر کسی واضح رہنمائی کے اتنے بڑے پروپ کو ہجوم میں منتقل کرنے کی اجازت کیسے دی گئی۔