Home اہم خبریںبریڈفورڈ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

بریڈفورڈ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

by 93 News
0 comments

بریڈفورڈ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منایا گیا۔

اس سلسلے میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بریڈفورڈ میں پر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

تقریب کے دوران قومی پرچم کی سربلندی، ملی نغموں کی گونج اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں نے ماحول کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کر دیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی پرچم کشائی کی گئی، ڈپٹی قونصل جنرل پاکستان انیس نے تقریب کی قیادت کی جبکہ قونصلیٹ کے افسران، اتاشی اور کمیونٹی کے نمائندوں سمیت بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔

قومی ترانے کی دھن پر سبز ہلالی پرچم بلند ہوا تو شرکاء نے پرجوش انداز میں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔

بریڈفورڈ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

اس موقع پر ڈپٹی قونصل جنرل انیس، قونصلیٹ اتاشی امجد حسین اور محمد مہربان نے صدرِ مملکت، وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے، پیغامات میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قومی اتحاد کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ڈپٹی قونصل جنرل انیس نے اپنے خطاب میں یومِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں اور بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے خطے اور دنیا میں امن اور استحکام کے لیے سفارت کاری، مذاکرات اور پرامن ذرائع کے ذریعے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔

تقریب کے دوران بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی، جدوجہد اور تحریکِ پاکستان کے تاریخی سفر پر مبنی خصوصی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی، جس سے شرکاء کو قیامِ پاکستان کے لیے قائداعظمؒ کی انتھک جدوجہد اور قربانیوں کی یاد تازہ ہوگئی۔

جشنِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے تقریب میں ملی نغمے بھی پیش کیے گئے، وطن سے محبت کے جذبے سے بھرپور ملی نغموں کی دھن پر شرکاء نے والہانہ انداز میں پاکستان سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔

تقریب سے تحریکِ حقِ خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجا نجابت حسین (ستارۂ پاکستان)، بزرگ رہنما سردار عبدالرحمن خان، آصف نسیم راٹھور اور چوہدری اعجاز نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ وطن سے دور رہنے کے باوجود پاکستان ان کے دلوں میں بستا ہے اور نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت، قومی اقدار اور تحریکِ آزادی سے روشناس کرانا ان کی اہم ذمے داری ہے۔

مقررین نے مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کی تکمیل کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور آزادی سے جڑی ہوئی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانی کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت اور پاکستان کے مفادات کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

بریڈفورڈ میں منعقدہ یومِ آزادی کی یہ تقریب محض جشن کا موقع نہیں بلکہ وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور پاکستان کے روشن مستقبل کے عزم کی تجدید بھی تھی۔ 

شرکاء نے سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے ساتھ اس عہد کا اظہار کیا کہ دیارِ غیر میں رہتے ہوئے بھی پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

 تقریب کے اختتام پر پاکستان کے استحکام، ترقی و خوشحالی اور قومی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

You may also like

Leave a Comment

Soledad is the Best Newspaper and Magazine WordPress Theme with tons of options and demos ready to import. This theme is perfect for blogs and excellent for online stores, news, magazine or review sites.

Buy Soledad now!

Edtior's Picks

Latest Articles

u00a92022u00a0Soledad.u00a0All Right Reserved. Designed and Developed byu00a0Penci Design.

Are you sure want to unlock this post?
Unlock left : 0
Are you sure want to cancel subscription?
-
00:00
00:00
Update Required Flash plugin
-
00:00
00:00