امریکا میں ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی شدید کمی کو پورا کرنے کے لیے 2 ہزار سے زائد ویڈیو گیمرز کو بھرتی کر لیا گیا۔
امریکی محکمۂ ٹرانسپورٹیشن کے سیکریٹری شان ڈفی نے بتایا کہ رواں سال اپریل میں ویڈیو گیمرز کو ایئر ٹریفک کنٹرولرز کے طور پر بھرتی کرنے کی نئی مہم شروع کی گئی تھی، جس کے بعد بھرتی کے عمل کو تیز کیا گیا۔
شان ڈفی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ مہم نے اپنے بھرتی کے ہدف کا 94 فیصد حاصل کر لیا ہے۔
ان کے مطابق 2 ہزار سے زائد افراد کو بھرتی کیا جا چکا ہے جبکہ مزید 2 ہزار سے زائد امیدوار بھرتی کے مراحل میں ہیں۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن نے دعویٰ کیا کہ اس مہم کے ذریعے ہوا بازی کے شعبے کے لیے زیادہ مضبوط اور باصلاحیت افرادی قوت تیار کی جا رہی ہے تاہم سوشل میڈیا صارفین نے ایئر ٹریفک کنٹرول جیسے حساس شعبے میں بھرتی کے عمل کو تیز کرنے پر سوالات اٹھائے ہیں۔
بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی تربیت اور تصدیق کے روایتی مراحل کو مختصر کرنا فضائی تحفظ کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
امریکا میں اس وقت تقریباً 3 ہزار سے 4 ہزار تصدیق شدہ پروفیشنل ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی کمی ہے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے پاس تقریباً 11 ہزار مکمل طور پر تصدیق شدہ کنٹرولرز موجود ہیں، جبکہ ملک بھر کے مختلف مراکز کے لیے 12 ہزار 500 سے 14 ہزار 600 تک کنٹرولرز درکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکا میں 90 فیصد سے زائد ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاورز عملے کی کمی کا شکار ہیں، جس کے باعث نیویارک سمیت بڑے ہوائی اڈوں پر پروازوں میں پابندیوں، تاخیر اور دیگر مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔