جشن آزادی پر اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، ولولہ انگیز تقاریب اور ملی نغموں کی بہار ہے۔
اسلام آباد کی ’یادگارِ فتح‘ کی شاندار افتتاحی تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں سروسز چیفس، وفاقی وزرا، غیرملکی سفارت کار بھی شریک ہوئے ۔
جشن آزادی پر متوالوں نے پورا ملک سجا دیا ہے، رنگ برنگی روشنیاں، سبز ہلالی جھنڈیاں اور ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے۔
وطن سے محبت میں شہریوں نے خود کو سجایا، گھر کو سنوارا، گلی، محلہ، شہر، ہر جگہ جشنِ آزادی نے سب کو ایک لڑی میں پرو دیا ہے۔ چودہ اگست کے موقع پر اسپیشل آزادی سفاری ٹرین کراچی سے چھور پہنچ گئی۔
کراچی میں جشن آزادی پر شہر کا رنگ بدل گیا جبکہ اسلام آباد میں رنگوں کی قوس قزح چھا گئی، لاہور میں بھی گلیاں جھنڈیوں سے سج گئي ہیں۔
پنجاب حکومت کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کی تقریب میں معروف گلوکاروں نے رنگ جمایا، کوئٹہ، پشاور اور ملتان سمیت پورا ملک جشن آزادی بھرپور جوش وخروش سے منارہا ہے۔