کینیڈا نے اپنے ’دھونس جمانے والے ہمسائے‘ امریکا کی خوشامد کا راستہ اختیار کیا ہے: اسماعیل بقائی

 اسماعیل بقائی—فائل فوٹو 

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کے خلاف امریکی معاشی دباؤ کی حمایت پر کینیڈا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا نے اپنے ’دھونس جمانے والے ہمسائے‘ امریکا کی خوشامد کا راستہ اختیار کیا ہے۔

ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ جس روز امریکی صدر نے کینیڈا کو امریکا کا حصہ قرار دیا، اسی روز کینیڈا کے وزرائے خارجہ اور خزانہ نے ایران کو نشانہ بناتے ہوئے ایسا بیان جاری کیا جس میں خطے کی صورتِ حال سے متعلق ہر حقیقت کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

ایرانی ترجمان نے کہا ہے کہ کینیڈا باخوبی جانتا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کے حملوں سے قبل آبنائے ہرمز کھلی اور محفوظ تھی، کینیڈا بیک وقت ’امن و سلامتی‘، ’بحری آمد و رفت کی آزادی‘ اور ’بین الاقوامی قانون‘ کا علم بردار ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتا، کینیڈا خطے میں امریکی فوجی جارحیت، غیر قانونی اور مداخلت پسندانہ اقدامات کی حمایت بھی کر رہا ہے۔

اسماعیل بقائی نے سوال اٹھایا کہ کینیڈا امریکی فوجی جارحیت اور معاشی دہشت گردی کی حمایت کرنے کے بجائے امریکی جارحیت، ناکا بندی اور معاشی جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیوں نہیں کرتا۔

انہوں نے کینیڈا کے مؤقف کو ’دھمکی کے سامنے جھکنے‘ کا مظاہرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا انتخاب ہے جو خود کینیڈا کو بھی امریکی دباؤ اور جارحیت سے محفوظ نہیں رکھ سکے گا۔

واضح رہے کہ کینیڈا نے ایران سے عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیاں ختم کرنے اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو دھمکیاں دینے سے باز رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کینیڈا نے فرانس اور برطانیہ کے ساتھ آبنائے ہرمز کھولنے کی امریکی کوششوں کی حمایت کا بھی اعلان کیا ہے۔