پاکستان ناقابلِ شکست، سیمی فائنل میں پہنچ گیا

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان نے ملائیشیا کو 2-5 سے شکست دے کر مینز جونیئر ہاکی ایشیاء کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پاکستان نے ابھی تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے تیسری فتح حاصل کی ہے۔

چین میں جاری مینز جونیئر ہاکی ایشیاء کپ کے پول بی کے میچ کے 9ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد صالحی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔

2 کوارٹر تک گول نہ کرنے والی پاکستان ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں کم بیک کیا اور اوپر نیچے 4 گول داغ دیے۔

پاکستان کی جانب سے گول کرنے کا سلسلہ 32ویں منٹ میں ندیم خان کی جانب سے شروع ہوا، اس گول نے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔

اس کے بعد 36ویں منٹ میں عبداللّٰہ سمیع رانا نے گول کیا، بعدازاں پاکستان کے ولید رانا نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 39ویں اور 40 ویں منٹ میں 2 خوبصورت گول داغ کر میچ میں پاکستان کی گرفت مضبوط کر دی۔

اس کے بعد 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پانچواں گول کر کے اسکور 1-5 کر دیا جبکہ میچ کے 54ویں منٹ میں ملائیشیا کے گناسیلن دھیرش نے اپنی ٹیم کا دوسرا گول اسکور کیا۔