وزیر تعلیم سندھ کا اسکولوں کے اوقات میں کمی کا اعلان

وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ—فائل فوٹو

وزیرِ تعلیم سندھ سردار شاہ نے سرکاری اسکولوں کے اوقات میں 1 گھنٹے کی کمی کا اعلان کر دیا۔

یہ اعلان انہوں نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم سندھ سردار شاہ نے کہا ہے کہ حالات کی وجہ سے ہمیں ہفتے کی چھٹی کرنی پڑی اور اسی وجہ سے ایک گھنٹہ بڑھانا پڑا تاکہ کورس مکمل ہو جائے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ آج یہاں ابھی میں بیٹھا تھا تو میرے پاس 3 بچیاں آئیں کہ انکل ہمیں بھوک لگتی ہے، ڈھائی بجے اسکول ختم ہوتا ہے تو ہم 3 بجے گھر جاتے ہیں، یہ جو آپ نے اسکول کا 1 گھنٹہ بڑھایا ہے یہ کم کر دیں، تو میں نے ان کو کہا کہ بیٹا یہ آج سے ہو گیا۔

سردار شاہ نے کہا ہے کہ ہم کوئی یکساں پالیسی بنانے میں ناکام رہے ہیں، جتنے بچے آؤٹ آف اسکول ہیں یہ ایک بڑا چیلنج ہے، سیلاب کے باعث 20 ہزار اسکولوں کی دیواروں کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں تعلیم پر سب سے کم خرچہ کرنے والا ملک ہے، وفاقی حکومت پی ایس ڈی پی سے تعلیمی مراکز کے لیے فنڈز فراہم کرے۔

وزیرِ تعلیم نے کہا کہ لاکھوں بچوں کو کمیونٹی بیسڈ مراکز کے ذریعے تعلیم دی جا رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تعلیمی مراکز کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں۔