نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تعاون اور خطے کی حالیہ صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہا۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ 18 جون کے اسلام آباد مفاہمت نامے پر من و عن عمل درآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
اسحاق ڈار نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس دوران پاکستان اپنے قومی مفادات کا بھی بھرپور تحفظ کرے گا۔
ملاقات کے دوران امریکی ناظم الامور نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
نیٹلی اے بیکر نے اسحاق ڈار کو پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر مبارک باد بھی پیش کی۔