سمے رائنا، رنویر الہ آبادیہ پر معذور افراد سے متعلق تبصروں پر مقدمات ختم کرنے کا حکم

فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارت کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین سمے رائنا اور یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ کے خلاف سپریم کورٹ نے انڈیاز گاٹ لیٹنٹ کیس کی  ایف آئی آرز خارج کرتے ہوئے معذور افراد سے متعلق مبینہ متنازع تبصروں کے سلسلے میں درج مقدمات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے متنازع کامیڈی شو ’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ میں نازیبا اور متنازع گفتگو کے معاملے میں کامیڈین سمے رائنا، پوڈکاسٹر رنویر الہٰ آبادیہ اور دیگر کے خلاف درج تمام ایف آئی آرز خارج کردی ہیں۔

خیال رہے کہ یہ تنازع فروری 2025ء میں اس وقت شروع ہوا تھا جب سمے رائنا کے شو کی ایک قسط میں رنویر الہٰ آبادیہ کے تبصروں پر بھارت بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

ان تبصروں کو فحش اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے مختلف ریاستوں میں متعدد شکایات اور ایف آئی آرز درج کی گئی تھیں، جس کے بعد رنویر الہٰ آبادیہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مختلف مقامات پر درج ایف آئی آرز کو یکجا کرنے اور گرفتاری سمیت کسی بھی سخت کارروائی سے تحفظ کی درخواست کی تھی۔

سماعتوں کے دوران سپریم کورٹ نے ان کے تبصروں پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ آئین میں دی گئی آزادی اظہار کی ضمانت کو معاشرتی حدود سے تجاوز کرنے والی زبان استعمال کرنے کی کھلی اجازت نہیں سمجھا جاسکتا۔

تاہم عدالت نے یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیہ کو عبوری تحفظ فراہم کیا اور مبینہ جان سے مارنے کی دھمکیوں کے پیش نظر انہیں پولیس سیکیورٹی کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کی بھی اجازت دی۔

رنویر الہٰ آبادیہ نے عدالت کو بتایا تھا کہ پوڈکاسٹ ہی ان کی آمدنی کا واحد ذریعہ ہے اور اس کی تیاری سے وابستہ تقریباً 280 افراد کا روزگار بھی اس سے منسلک ہے۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے ان کی گرفتاری سے متعلق عبوری تحفظ میں توسیع کرتے ہوئے انہیں گوہاٹی میں جاری تحقیقات میں تعاون کرنے کی ہدایت کی۔

معاملہ 14 جولائی 2026 کو ایک بار پھر سپریم کورٹ کے سامنے آیا، جب بینچ نے سمے رائنا، رنویر الہٰ آبادیہ اور دیگر فریقین کی جانب سے عدالت کے سابقہ احکامات پر مبینہ طور پر عمل نہ کرنے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر 3،3 لاکھ بھارتی روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے 2 ہفتوں میں تعمیلی حلف نامے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

اب تازہ فیصلے کے ساتھ سپریم کورٹ نے متنازع شو کی اس قسط سے متعلق سمے رائنا، رنویر  الہٰ آبادیا اور دیگر کے خلاف فوجداری کارروائی کا خاتمہ کرتے ہوئے تمام ایف آئی آرز خارج کردی ہیں۔

Related posts

ایران کی آبنائے ہرمز اسٹریٹجک ایکشن پلان کی منظوری

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم زخمی ہوگئے، میچ سے آؤٹ

پیرس میں سفارتخانہ پاکستان میں 79واں یومِ آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا