سفارتخانہ پاکستان پیرس میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے اور ملی وحدت کے عزم کے ساتھ منایا گیا۔
تقریب کے موقع پر فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا جبکہ پاکستانی کمیونٹی کے معززین، خواتین، بچوں اور دیگر کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ کے یومِ آزادی کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
اپنے خطاب میں سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے اہلِ وطن کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست ایک بابرکت اور تاریخی دن ہے، جس نے ایک قوم کو آزادی کی نعمت سے سرفراز کیا اور پوری قوم کو ایک مشترکہ مقصد پر متحد کیا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریکِ آزادی کے دیگر رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے، قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے اور آئندہ نسلوں کو اپنے شاندار قومی ورثے سے روشناس کرانے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
سفیر نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے 2026ء کو ’قائداعظم محمد علی جناحؒ کا سال‘ قرار دیا ہے تاکہ بانیٔ پاکستان کی 150ویں سالگرہ بھرپور انداز میں منائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا عظیم فکری وژن آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ان کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے پاکستان کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے قوم کو ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے 3 سنہری اصول دیے۔ ان اصولوں کی پیروی ہی پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے اور آنے والی نسلوں کے لیے روشن مستقبل یقینی بنانے کی ضمانت ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان اپنی آزادی کا جشن مناتے ہوئے ان کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی فراموش نہیں کرسکتا، جو طویل عرصے سے اپنے حقِ آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر اور غاصب اسرائیل کے زیر نگین فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔
سفیر پاکستان نے پاکستان اور فرانس کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
سفیر نے فرانس میں مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے سفارتخانے کے مکمل تعاون اور عزم کا بھی اعادہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے سفارتخانے میں قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی، جدوجہد اور قومی خدمات پر مبنی تاریخی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔
نمائش میں آرکائیو ریکارڈز، نایاب تصاویر اور تاریخی دستاویزات شامل تھیں، جن کے ذریعے بانیٔ پاکستان کی بصیرت افروز قیادت، سیاسی جدوجہد اور لازوال قومی میراث کو اجاگر کیا گیا۔ تصویری نمائش میں خصوصاً بچوں نے گہری دلچسپی ظاہر کی اور پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔