دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے چین میں 2 اعزازات اپنے نام کر لیے

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی بلاک بسٹر و ریکارڈ توڑ بزنس کرنے والی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے چین میں منعقدہ ساتویں جیکی چن انٹرنیشنل ایکشن فلم ویک میں 2 اعزازات اپنے نام کر لیے۔

جیو فلمز کی پیشکش، انسائیکلومیڈیا اور لاشاری فلمز کے بینر تلے تخلیق کی گئی شاہکار فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے ہدایت کار بلال لاشاری نے انسٹاگرام پر کامیابی کا اعلان کیا۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اختتامی تقریب کی تفصیلات شیئر کیں، جہاں فلم کو اسپیشل جیوری ایوارڈ اور بہترین آرٹ ڈائریکشن کا ایوارڈ دیا گیا۔

بلال لاشاری نے کہا کہ فلم کا مورٹل کومبیٹ 2 اور دی فیوریس جیسی فلموں کے ساتھ اعزاز حاصل کرنا ناقابلِ یقین ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تقریب کے دوران مسلسل بارش کے درمیان کھلے آسمان تلے قائم اسٹیج پر میں نے ایوارڈز وصول کیے۔

بلال لاشاری نے لکھا کہ جب میں مائیک تک پہنچا تو مکمل طور پر بھیگ چکا تھا، جبکہ ایک اجنبی شخص نے میرے لیے چھتری تھام رکھی تھی، بارش کی وجہ سے ٹرافی سے پانی ٹپک رہا تھا اور پس منظر میں میدان روشنیوں سے جگمگا رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آرٹ ڈائریکشن کا ایوارڈ میرے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ اعزاز میرا نہیں بلکہ پروڈکشن ڈیزائنرز نمسہ عباسی اور حمزہ باجوہ کا ہے، جنہوں نے فلم کے لیے ایک پوری دنیا تخلیق کی۔

جیکی چن کے نام سے منسوب اس ایوارڈ شو کے حوالے سے ہدایت کار نے کہا کہ میں جیکی چن کی فلمیں دیکھتا ہوا بڑا ہوا ہوں، پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے جیکی چن کے نام سے منسوب اسٹیج پر کھڑا ہونا ایک خواب جیسا محسوس ہو رہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیکی چن سے ذاتی طور پر ملاقات اور ان کی جانب سے مبارک باد وصول کرنا ایسی بات تھی جس کا میں نے فلم کا منصوبہ شروع کرتے وقت کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔

بلال لاشاری نے پروڈیوسر ندیم منڈوی والا اور ان کی اہلیہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہیں چین میں فلم کے سفر کے دوران اپنا ساتھی قرار دیا۔ انہوں نے اپنی کامیابی پاکستان کے نام کردی۔

1979 کی مقبول کلٹ کلاسک فلم کے ریبوٹ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی کے علاوہ ہمائمہ ملک، گوہر رشید، فارس شفیع اور علی عظمت بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔

Related posts

روس اور پاکستان کے تعلقات کامیابی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں: ولادیمیر پیوٹن

آسٹریا میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی تقریب، سفارتخانے میں پرچم کشائی

نادرا نے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرادیا