تاریخی معاہدہ علاقائی استحکام کی جانب اہم سنگ میل ہے، ناظم الامور سعد وڑائچ

پاکستانی ناظم الامور پرچم لہرا رہے ہیں(تصویر سوشل میڈیا)۔

پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر بھارت میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے چانسری لان میں قومی پرچم لہرایا۔ 

تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کے اراکین اور ان کے اہلخانہ نے شرکت کی۔

اس موقع پرصدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ 

پاکستانی ناظم الامورسعد احمد وڑائچ شرکا سے خطاب کر رہے ہیں(تصویر سوشل میڈیا)۔

پاکستانی ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے مادر وطن کے لیےجانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارتکاری کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان، سعودی عرب، ترکیے تاریخی معاہدہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ 

ناظم الامور نے کہا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ تنازع جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل سے ہو کر گز رتی ہے، استصواب رائے کے حق کے حصول تک ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ 

سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ اللّٰہ کے کرم، قومی اتحاد اور محنت سے پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ 

تقریب میں روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور تقاریر کیں، اس پرمسرت موقع پر پاکستان کی سالگرہ کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔

سعد احمد وڑائچ نے قائداعظم کی زندگی، وژن اور تاریخی جدوجہد پر مبنی تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا۔

Related posts

پیرس میں سفارتخانہ پاکستان میں 79واں یومِ آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

روس اور پاکستان کے تعلقات کامیابی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں: ولادیمیر پیوٹن

دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے چین میں 2 اعزازات اپنے نام کر لیے