ناپا اکیڈمی میں چاروں صوبوں کی ثقافت کے رنگوں کی بارش

—تصویر بشکریہ رپورٹر

کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) میں چاروں صوبوں کی ثقافت کے رنگ بکھر گئے، پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں ملک کے مختلف صوبوں اور خطوں کے لوک گیتوں اور روایتی رقص کے ذریعے قومی یکجہتی اور ثقافتی ہم آہنگی کا اظہار کیا گیا۔

 وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ وفاقی سیکریٹری ثقافت اسد رحمٰن گیلانی مہمانِ اعزاز تھے۔

 ناپا کے چیئرمین سید جاوید اقبال، بورڈ کے اراکین، طلبہ، فنکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

ناپا کے چیئرمین سید جاوید اقبال نے کہا کہ یومِ آزادی محض ایک قومی جشن نہیں بلکہ پاکستان کی ثقافتی ہم آہنگی کو اجاگر کرنے کا موقع بھی ہے، ثقافت، مختلف پس منظر رکھنے والے لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

تقریب کا آغاز کشمیر کے معروف گیت ’من دے موج‘ سے ہوا، جسے ناپا کی سابق طالبہ نفیسہ نے پیش کیا۔ 

اس کے بعد گلگت بلتستان کا گیت ’کرے کرے‘ محبوب عالم اور ناپا کی پہلی سال کے طالب علم عاشی نے پیش کیا۔

خیبر پختونخوا کی نمائندگی ’ماروا میکے‘ گیت سے ہوئی، جسے عاصم خٹک نے گایا، جبکہ اس کے بعد صوبے کا روایتی رقص بھی پیش کیا گیا۔

پنجابی ثقافت کی عکاسی معروف لوک گیت ’لائی بے قدراں نال یاری‘ اور روایتی رقص کے ذریعے کی گئی، گیت ناپا کے سابق طالب علم ذیشان ظفر نے پیش کیا۔

بلوچستان کے حصے میں ’لیلا او لیلا‘ شامل تھا، جسے ناپا کے دوسرے سال کے طلبہ اشبان وکٹر اور شیرلینا نے گایا، جبکہ بعد ازاں بلوچی رقص پیش کیا گیا۔

سندھ کی ثقافت کو ’مور توڑ ٹلے‘ اور روایتی رقص کے ذریعے اجاگر کیا گیا، یہ گیت شہزانہ دریا خان اور عبدالصمدی نے پیش کیا۔

تقریب کا اختتام جمیل الدین عالی کے مقبول نغمے ’میرا انعام پاکستان‘ سے ہوا، جس میں ناپا کے فنکاروں اور طلبہ پر مشتمل مکمل گروپ نے شرکت کی، اس پیشکش کی قیادت ناپا کے میوزک کوآرڈینیٹر جواد قریشی اور سوشل میڈیا و ڈیزائن کوآرڈینیٹر اظہر زیدی نے کی۔

مہمانِ خصوصی اورنگزیب خان کھچی نے جنگ ڈیجیٹل کو بتایا کہ کراچی جیسا جشن آزادی کہیں نہیں منایا جاتا، ناپا کے قومی ہم آہنگی کے فروغ میں کردار کو سراہا اور ادارے کے قیام کو ایک اہم کاوش قرار دیا۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ ناپا کے فنکاروں پر مشتمل گروپ کو جلد اسلام آباد آنے والے چینی وفد کے سامنے بھی پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ 

تقریب کے اختتام پر ناپا کی چیف ایگزیکٹو جری مسعود نے وفاقی وزیر، وفاقی سیکریٹری اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے سے ہوا، جس میں حاضرین اور فنکاروں نے اجتماعی طور پر شرکت کی۔

Related posts

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم زخمی ہوگئے، میچ سے آؤٹ

سمے رائنا، رنویر الہ آبادیہ پر معذور افراد سے متعلق تبصروں پر مقدمات ختم کرنے کا حکم

پیرس میں سفارتخانہ پاکستان میں 79واں یومِ آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا