بھارتی اداکارہ رانی مکھرجی کو بالی ووڈ میں 3 دہائیاں مکمل کرنے پر آسٹریلیا میں ایک بڑا اعزاز دے دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 48 سالہ رانی مکھرجی کو انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن (IFFM) میں اداکاری میں بہترین کارکردگی کے اعتراف میں اسپیشل سائیٹیشن فار ایکسی لینس ان ایکٹنگ سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز بھارتی سنیما کے لیے رانی مکھرجی کی خدمات اور ہندی زبان کی کہانیوں کو عالمی ناظرین تک پہنچانے میں ان کے کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔
انہیں بالخصوص ’بلیک‘، ’مردانی‘ اور ’مسز چٹرجی ورسز ناروے‘ جیسی سماجی موضوعات پر مبنی فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی سراہا گیا۔
اعزاز ملنے پر رانی مکھرجی نے کہا کہ جب میں نے کم عمری میں بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تو کبھی نہیں سوچا تھا کہ میری فلمیں اور کردار سمندر پار آسٹریلیا تک پہنچیں گی اور وہاں کے لوگ مجھے اتنی محبت سے قبول کریں گے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے لوگوں کو اپنی فلموں کے ذریعے تفریح فراہم کرنا اس پیشے کی جانب سے ملنے والا سب سے بڑا تحفہ ہے، آسٹریلیا نے ہمیشہ مجھے اور بھارتی سنیما کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا ہے۔
رانی مکھرجی نے کہا کہ بطور اداکار فنکار کی اصل کہانی اس وقت شروع ہوتی ہے جب اس کی اداکاری کسی کے دل تک پہنچتی ہے، 3 دہائیوں کے دوران میری فلموں، کرداروں اور آواز کا دنیا کے مختلف حصوں تک پہنچنا اور لوگوں کی زندگیوں میں جگہ بنانا میرے لیے انتہائی قابلِ فخر اور عاجزی کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے کیریئر میں ادا کیے گئے ہر کردار نے مجھے ایک بہتر فنکار اور بالآخر ایک بہتر انسان بننے میں مدد دی۔
رپورٹس کے مطابق رانی مکھرجی جلد شاہ رخ خان کے ساتھ ایکشن تھرلر فلم ’کنگ‘ میں دوبارہ نظر آسکتی ہیں، فلم 24 دسمبر 2026ء کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔