یومِ آزادی پاکستان کی تقریب میں ترک نائب صدر و دیگر اعلیٰ حکام کی شرکت، پاک ترک لازوال محبت کا اظہار

سفیرِ پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان کا 79 واں یومِ آزادی برسر اقتدار جسٹس اینڈ ڈولپمینٹ پارٹی کے قیام کی سلور جوبلی کی وجہ سے ایک روز قبل بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ 

اس تقریب میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز کے علاوہ بڑی تعداد میں اعلیٰ ترک حکام کی شرکت سے دونوں ممالک کے درمیان گہری محبت، یکجہتی اور برادرانہ تعلقات کے بلندیوں پر چھونے کی عکاسی ہوتی ہے۔

پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں انقرہ میں پاکستان ہاؤس کے وسیع و خوب صورت احاطے میں منعقد ہونے والی اس پروقار اور شاندار تقریب میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اعلیٰ ترک حکام

تقریب میں ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سیلچوق بایراکتار اولو، ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجمند طاطلی اولو، بری فوج کے کمانڈر جنرل متین توکل، فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اولو، سابق نائب وزیراعظم بلند آرنچ، سابق وزیر دریا یانک، جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (آق پارٹی) کے نائب چیئرمین اول افکان اعلیٰ، رلنِ پارلیمنٹ برہان قایا ترک، ہولوسی آقار اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر کے علاوہ بڑی تعداد میں اعلیٰ ترک حکام، متعدد ممالک کے سفراء ، سفارتی مشنز کے نمائندوں، پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کرکے یومِ آزادی پاکستان کی تقریب کو چار چاند لگادیے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے بجائے گئے۔ 

پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ اسکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغموں اور روایتی رقص پر مشتمل خوب صورت ثقافتی پروگرام پیش کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔

اس موقع پر پاکستان کے حوالے سے ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس میں ملک کی تاریخ، تہذیبی و ثقافتی ورثے، قدرتی حسن، سیاحتی امکانات اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔

ترک نائب صدر جودت یلماز

پاک ترک تعلقات سفارت کاری سے کہیں بڑھ کر برادرانہ رشتے ہیں، جودت یلماز

تقریب کے مہمانِ خصوصی اور ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے اپنے خطاب میں صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی کی مبارک باد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔

انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی جانب سے جنگِ آزادیِ ترکیہ کے دوران ترک قوم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات روایتی سفارتی رشتوں سے کہیں آگے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ایک غیر معمولی برادرانہ تعلق قائم ہے۔

جودت یلماز نے ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ علاقائی سطح پر تعاون کے نئے راستے بھی تلاش کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔

پاکستان کی آزادی قربانیوں، عزم اور استقامت کا ثمر ہے

اس سے قبل ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اپنے استقبالیہ خطاب میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے حصول کی جدوجہد میں قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور تحریکِ پاکستان کے دوران دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو یاد کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی غیر معمولی حوصلے، ثابت قدمی، مسلسل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ 

انہوں نے پاکستانی قوم پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی، خوش حالی اور استحکام کے لیے اتحاد اور قومی یکجہتی کے جذبے کو مزید مضبوط بنائے۔

سفیرِ پاکستان نے پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان رشتے محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ مشترکہ تاریخ، اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی جذبات کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک ترک شراکت داری وقت کے ساتھ ساتھ مزید وسعت اختیار کر رہی ہے اور دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے مشترکہ وژن نے اس دیرینہ دوستی کو ایک منفرد اور کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل کر دیا ہے۔

قائداعظم کی 150ویں سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تصویری نمائش

تقاریر کے اختتام پر مہمانِ خصوصی جودت یلماز، سفیرِ پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید اور دیگر معزز شخصیات نے یادگاری گروپ فوٹو بنوایا۔

تصویری نمائش کا افتتاح

بعد ازاں ترک نائب صدر نے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے منعقد کی گئی خصوصی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔

نمائش میں بانیٔ پاکستان کی زندگی، سیاسی بصیرت، قیادت، جدوجہد اور ان کے تاریخی ورثے کے مختلف پہلوؤں کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔ نمائش نے قائداعظم کے تصورِ پاکستان اور برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کی اہم جھلکیاں بھی پیش کیں۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان ہاؤس کے باغات میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جہاں مہمانوں کی تواضع پاکستانی کھانوں کی ایک متنوع اور روایتی ضیافت سے کی گئی۔ 

اعلیٰ ترک قیادت

خوش گوار اور دوستانہ ماحول میں منعقد ہونے والی اس تقریب نے پاکستان کی روایتی مہمان نوازی، ثقافتی رنگا رنگی اور پاک ترک عوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی خوب صورت عکاسی کی۔

انقرہ میں منعقد ہونے والی یہ تقریب نہ صرف پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کی یادگار بن گئی بلکہ اس موقع پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور مستقبل میں دوطرفہ و علاقائی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی بھرپور اظہار کیا گیا۔

Related posts

روس اور پاکستان کے تعلقات کامیابی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں: ولادیمیر پیوٹن

دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے چین میں 2 اعزازات اپنے نام کر لیے

آسٹریا میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی تقریب، سفارتخانے میں پرچم کشائی