مینیجر کی موت کے بعد سوشانت بار بار کہتے تھے ’وہ‘ مجھے بھی نہیں چھوڑیں گے: بہن شویتا سنگھ

—فائل فوٹو

بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے 6 سال بعد ان کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے ایک بار پھر بھائی کی موت سے متعلق کئی سوالات اٹھا دیے۔

سوشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020ء کو ممبئی میں اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے، ان کی موت کو خودکشی قرار دیا گیا تھا، واقعے کے بعد میڈیا میں شدید بحث ہوئی اور ذہنی صحت سمیت فلم انڈسٹری کے معاملات بھی زیرِ بحث آئے۔

مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) نے معاملے کی تحقیقات کے بعد کسی مجرمانہ سازش یا بیرونی مداخلت کے شواہد نہ ملنے پر کیس بند کردیا تھا اور موت کی وجہ خودکشی قرار دی گئی تھی۔

تاہم سوشانت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے ’سپر ٹاکس بائی دی موونگ شپ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6 سال گزرنے کے باوجود کئی سوالات کے جواب نہیں مل سکے۔

شویتا کے مطابق’ہم اب بھی نہیں جانتے کہ حقیقت میں کیا ہوا تھا، پوسٹ مارٹم کی اتنی جلدی کیا تھی؟ وہ اپنے کمرے کو کبھی لاک نہیں کرتے تھے، پھر کمرہ اندر سے کیسے بند تھا؟ ایسے کئی سوالات ہیں جن کے جواب نہیں ملے۔

شویتا نے دعویٰ کیا کہ سوشانت اپنی مینیجر دیشا سالیان کی موت کے بعد شدید پریشان تھے، دیشا سالیان ممبئی میں ایک رہائشی عمارت کی 14ویں منزل سے گرنے کے بعد ہلاک ہوئی تھیں۔

شویتا کے مطابق دیشا کی موت کے بعد سوشانت بار بار کہتے تھے کہ ’وہ‘ مجھے بھی نہیں چھوڑیں گے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ ممکن ہے سوشانت کے پاس کوئی ایسی معلومات ہوں جنہیں وہ سامنے لانے والے تھے، تاہم اس سے پہلے ہی ان کی موت ہوگئی۔

جب شویتا سے پوچھا گیا کہ سوشانت کے ’وہ‘ کہنے سے کیا مراد تھا، تو انہوں نے کہا کہ میں اس بارے میں نہیں جانتی۔

Related posts

ہانیہ عامر نے خواتین کی کامیابی پر سوال اُٹھانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

بچوں میں دل کے امراض بڑھ رہے ہیں، این آئی سی وی ڈی میں بچوں کا اسپتال بن رہا ہے، عذرا پیچوہو

سینیٹ ذیلی کمیٹی اجلاس، سیف اللّٰہ ابڑو کی ریکارڈ نہ دینے پر ایف بی آر افسر کی سرزنش