پاپ موسیقی کے معروف گروپ بی ٹی ایس کے رکن کم تیہیونگ المعروف وی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک کان کی سماعت متاثر ہونے کے سبب زیرِ علاج ہیں۔
یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کے پاپ بینڈ کا انتہائی متوقع عالمی دورہ جاری ہے۔
گزشتہ روز لائیو اسٹریمنگ کے دوران 30 سالہ وی نے بتایا کہ میں تقریباً ڈھائی سال سے اس مسئلے کا سامنا کر رہا ہوں، تاہم یہ پہلا موقع ہے جب میں آرمی (بی ٹی ایس کے مداحوں کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاح) کو اس حوالے سے آگاہ کررہا ہوں۔
گلوکار نے کہا کہ اگر میرے بائیں کان کی سماعت 100فیصد ہے تو دائیں کان سے یہ تقریباً 30 فیصد رہ گئی ہے۔
لائیو اسٹریم کے دوران وی نے بتایا کہ فوجی سروس کے دوران میری سماعت مزید متاثر ہوئی، تاہم ابتدا میں، میں نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور اسے ذہنی مضبوطی کا معاملہ سمجھتا رہا۔
انہوں نے بتایا کہ اب میں ادویات استعمال کر رہا ہوں اور علاج کے لیے باقاعدگی سے اسپتال بھی جا رہا ہوں۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں چند نادر استثنیٰ کے علاوہ تمام صحت مند مردوں کے لیے 18 ماہ کی فوجی سروس لازمی ہے۔
بی ٹی ایس کے ساتوں ارکان بھی اس قانون کے تحت فوجی سروس پر گئے تھے۔ 2022ء میں جب کے پاپ گروپ کے ارکان نے فوج میں بھرتی ہونے کے لیے اپنے کیریئر سے وقفہ لینا شروع کیا، اس وقت بی ٹی ایس اپنی شہرت کے عروج پر تھا۔ وی نے 2023ء میں فوجی سروس شروع کی تھی اور جون 2025ء میں فارغ ہوئے۔
پاپ گروپ بی ٹی ایس ان دنوں تقریباً 4 برس بعد اپنے پہلے عالمی دورے پر ہے، یہ عالمی دورہ لازمی فوجی سروس کے بعد ریلیز ہونے والی البم آریرانگ کے سلسلے میں جاری ہے۔