امریکا اور ایران کا 60 روزہ جنگ بندی معاہدہ اگلے ہفتے ختم ہونے والا ہے

— فائل فوٹو

امریکا اور ایران کے درمیان 17 جون کو طے پانے والا 60 روزہ جنگ بندی معاہدہ اگلے ہفتے ختم ہونے والا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن اور تہران نے 17 جون کو 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت جنگ بندی قائم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے مذاکرات مکمل کرنے کی 60 روزہ مدت مقرر کی گئی تھی۔

اس کے باوجود چند ہی ہفتوں میں دوبارہ کشیدگی اور حملوں کے باعث یہ معاہدہ کمزور پڑنے لگا۔

مفاہمتی یادداشت میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے کھلا رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اہم شقوں میں مبہم زبان کے باعث دونوں فریق ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

مفاہمتی یادداشت کی اہم متنازع شقیں درج ذیل ہیں:

شق 5 (آبنائے ہرمز): اس شق کے تحت تجارتی جہازوں کے لیے آزادانہ گزرگاہ کی ضمانت دی گئی ہے، تاہم اس کی تشریح اب بھی شدید تنازع کا باعث ہے۔

تہران کا مؤقف ہے کہ اس شق کے ذریعے امریکا نے پورے آبی راستے کے انتظام پر ایران کے اختیار کو تسلیم کیا ہے، جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ اس نے صرف دو ماہ کے لیے فیس یا ٹولز ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ واشنگٹن اس تشریح کو مسترد کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اس شق کا مطلب صرف یہ ہے کہ ایران محفوظ آمدورفت یقینی بنائے گا اور طاقت کے ذریعے عائد کردہ پابندیاں یا محصولات نافذ نہیں کرے گا۔

شق 10 (تیل اور پابندیوں میں نرمی): امریکا نے ایران کو خام تیل، پٹرولیم مصنوعات اور ان سے متعلق خدمات برآمد کرنے کے لیے استثنیٰ جاری کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ اس میں بین الاقوامی بینکاری، انشورنس اور بحری نقل و حمل کی معاونت بھی شامل ہے۔

شق 11 (مالی اثاثوں کو منجمد کرنے کا خاتمہ): امریکا نے ایران کے منجمد فنڈز اور محدود اثاثوں کو استعمال کے لیے مکمل طور پر دستیاب بنانے کا عزم ظاہر کیا تھا، تاہم اس کے لیے طریقہ کار مذاکرات کے دوران طے کیے جانے کی بات کہی گئی تھی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 60 روزہ مدت 16 اگست کو ختم ہونے کے بعد معاہدے کے مستقبل پر بھی سوالات برقرار ہیں۔

Related posts

پیٹرول کی قیمت میں کمی اور ڈیزل مہنگا کردیا گیا

دنیا کے کئی ممالک میں مکمل اور جزوی سورج گرہن کا نظارہ

پاکستان کا مکّہ معاہدے میں توسیع کا اشارہ