سارک ممالک میں بچوں میں کینسر کے کیسز، بھارت کا فہرست میں پہلا نمبر

—فائل فوٹو 

جنوبی ایشیاء کے 8 ممالک میں 2022ء کے دوران بچوں کے کینسر کے اندازاً 37,716 نئے کیسز سامنے آئے تھے جن میں پاکستان کے 7 ہزار 841 کیسز شامل تھے۔ 

پاکستان اس فہرست میں بھارت کے بعد دوسرے نمبر پر رہا جبکہ بھارت میں 25,939 کیسز رپورٹ ہوئے جو خطے کے مجموعی کیسز کا 68.8 فیصد ہے۔

یہ اعداد و شمار ایک نئی تحقیق میں سامنے آئے ہیں جس میں سارک ممالک افغانستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، بھارت، مالدیپ، نیپال، پاکستان اور سری لنکا میں بچوں کے کینسر کے کیسز اور اموات کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے مطابق 2022ء میں جنوبی ایشیاء میں بچوں کے کینسر سے مجموعی طور پر 17,698 اموات کا اندازہ لگایا گیا۔ 

مختلف ممالک میں بیماری سے ہونے والی اموات کی شرح میں نمایاں فرق پایا گیا جس کی بڑی وجوہات میں کینسر کی بروقت تشخیص، علاج تک رسائی، ماہر ڈاکٹروں اور طبی سہولتوں کی دستیابی شامل ہیں۔

پاکستان کے 7,841 کیسز خطے کے مجموعی کیسز کا 20.8 فیصد بنتے ہیں۔

تحقیق میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی ممالک میں بچوں کے کینسر کی بہتر تشخیص اور علاج کے لیے مضبوط نظام کی ضرورت ہے۔

تحقیق کے مطابق خون کا کینسر بچوں میں سب سے عام سرطان ہے جو مختلف ممالک میں مجموعی کیسز کے تقریباً 35 سے 50 فیصد تک ہے۔ 

دماغ اور مرکزی اعصابی نظام کے سرطان دوسرے نمبر پر ہیں اور تقریباً 12 فیصد کیسز پر مشتمل ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق زیادہ آمدنی والے ممالک میں بچوں کے کینسر کے 80 فیصد سے زیادہ مریض صحت یاب ہو جاتے ہیں جبکہ کئی کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں شرحِ شفاء 30 فیصد سے بھی کم ہے۔ 

علاج میں تاخیر، مناسب سہولتوں کی کمی، علاج ادھورا چھوڑ دینا اور بیماری کا دوبارہ ظاہر ہونا کم شرحِ بقاء کی اہم وجوہات ہیں۔

ماہرین کے مطابق پاکستان سمیت جنوبی ایشیاء میں بچوں کے کینسر سے نمٹنے کے لیے بہتر تشخیصی نظام، کینسر کی باقاعدہ رجسٹری، ماہر بچوں کے سرطان کے مراکز، معیاری علاج اور مریضوں کو علاج مکمل کرنے میں مدد دینے کے مؤثر انتظامات ضروری ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت نے 2030ء تک بچوں کے کینسر میں کم از کم 60 فیصد بچوں کو علاج کے بعد صحت یاب کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بھی بچوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جائے تو ان کے صحت یاب ہونے کے امکانات بہتر بنائے جا سکتے ہیں۔

Related posts

سلمان اکرم اور مشعال یوسفزئی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے

روس میں 4 سال سے قید سابق امریکی فوجی رہا

ہنی سنگھ کا بادشاہ کی وائرل ویڈیو پر طنز