بھارتی ریپر یو یو ہنی سنگھ اور ساتھی ریپر بادشاہ کے درمیان جاری پرانے تنازع نے ایک بار پھر توجہ حاصل کرلی۔
بادشاہ کی شو انڈیا گوٹ لیٹنٹ میں شرکت کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بادشاہ نے انڈیا گوٹ لیٹنٹ سیزن 2 کی دوسری بونس قسط میں شرکت کی، جو 10 اگست کو یوٹیوب چینل کے ممبرز کے لیے جاری کی گئی تھی۔ اس قسط میں بھارتی میزبان و مصنف ہرش لمباچیا، سوشل میڈیا انفلوئنسر سورَو جوشی اور کامیڈین راجت سود بھی شریک تھے۔
پروگرام کے دوران سمے رائنا نے بادشاہ سے سوال کیا کہ انہوں نے اپنا اسٹیج نام ’بادشاہ‘ کیسے منتخب کیا، بادشاہ نے جواب دیا کہ یہ نام میں نے خود رکھا تھا۔
بادشاہ کا یہ جواب جلد ہی سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا، کیونکہ صارفین نے اسے ایک پرانی ویڈیو سے جوڑ دیا جس میں مبینہ طور پر بادشاہ نے کہا تھا کہ ’بادشاہ‘ نام مجھے ہنی سنگھ نے دیا تھا۔
پرانی ویڈیو دوبارہ وائرل ہونے کے بعد ہنی سنگھ نے اسے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا اور طنزیہ انداز میں بادشاہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ میری نالائق اولاد۔
ہنی سنگھ اور بادشاہ ماضی میں ہپ ہاپ میوزک کلیکٹو مافیا منڈیر کا حصہ رہ چکے ہیں، بعد ازاں دونوں کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات ختم ہوگئے اور وقت کے ساتھ موسیقی کے کریڈٹس اور مشترکہ گانوں میں کردار کے حوالے سے دونوں کے درمیان اختلافات سامنے آتے رہے۔
دونوں کے درمیان سب سے زیادہ زیرِ بحث تنازعات میں سے ایک گانا ’براؤن رنگ‘ بھی ہے۔ بادشاہ کا دعویٰ رہا ہے کہ انہوں نے گانے کے بول لکھے تھے جبکہ موسیقی ہنی سنگھ نے ترتیب دی تھی۔
یہ تنازع جولائی 2025ء میں ایک بار پھر اس وقت سامنے آیا جب بادشاہ نے ہنی سنگھ سے متعلق ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر صرف ’Credits‘ لکھ کر تبصرہ کیا، جس کے بعد دونوں ریپرز کے درمیان پرانے اختلافات ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے۔