سلمان خان اور ان کی بہن کو 3 کروڑ کے تنازع میں عدالت کا سمن جاری

فوٹو: فائل

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اور ان کی بہن کو 3 کروڑ روپے کے تنازع میں چندی گڑھ کی عدالت نے سمن جاری کر دیا۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بِینگ ہیومین جیولری شوروم سے متعلق مبینہ دھوکہ دہی کے مقدمے میں عدالت نے سلمان خان، ان کی بہن الویرا خان اگنی ہوتری سمیت 5 افراد کو سمن جاری کر دیے ہیں۔ جنہیں 5 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس مقدمے کے مدعی چندی گڑھ کے تاجر ارون گپتا ہیں، جنھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ان سے جھوٹے وعدے کرکے منیماجرا میں بِینگ ہیومن جیولری کا شوروم قائم کرنے پر آمادہ کیا گیا۔ اس منصوبے میں 3 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی اور اسٹائل اینڈ کانٹینٹ جیولری پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ کیا، جس کے پاس بیِنگ ہیومن برانڈ کی جیولری فروخت کرنے کا لائسنس تھا۔

ارون گپتا کے مطابق انہوں نے شوروم کے قیام پر تقریباً 1 کروڑ روپے خرچ کیے اور معاہدے میں درج تمام شرائط پوری کیں، لیکن اس کے بعد کمپنی نے کاروبار کے لیے وعدے کے مطابق تعاون نہیں کیا۔

مدعی کے مطابق انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ شوروم کی افتتاحی تقریب سلمان خان خود کریں گے، لیکن افتتاح سلمان خان کے بہنوئی آیوش شرما نے کیا۔

دوسری جانب کمپنی کا مؤقف یہ ہے کہ سلمان خان معاہدے کا حصہ نہیں۔ کمپنی نے ماضی میں بھی اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ 

اپنے دفاع میں کمپنی کا کہنا ہے کہ 2018 میں چندی گڑھ کے تاجر کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں سلمان خان کا کوئی براہ راست کردار نہیں، مزید وضاحت کی گئی کہ سلمان خان فاؤنڈیشن نے 2015 میں بیِنگ ہیومن برانڈ کا لائسنس اسٹائل اینڈ کانٹینٹ جیولری پرائیویٹ لمیٹڈ کو دیا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ جیولری کے کاروبار کا انتظام اور فروخت مکمل طور پر اس کی اپنی ذمہ داری تھی۔

اس مقدمے کی اگلی سماعت 5 اکتوبر کو ہوگی، جس میں سلمان خان، الویرا خان اگنی ہوتری اور دیگر ملزمان کو چندی گڑھ کی عدالت میں پیش ہو کر اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا جواب دینا ہوگا۔

Related posts

ضلعی ججز اور ہائیکورٹ افسران کا ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن الاؤنس بڑھا دیا گیا

برطانوی وزیراعظم کا گرومنگ گینگز کی ممکنہ جلد رہائی پر نظرثانی کاحکم

دل پر پتھر رکھ کر فیصلہ کیا بیٹے کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کروائینگے، والدہ میر رضا علی