بھارت کا ہمیشہ رویہ رہا ہے کہ ہار دیکھتے ہوئے رونا شروع کردیتے ہیں: سلطان شاہ

فوٹو: ایکس 

چیئرمین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت کا ہمیشہ رویہ رہا ہے کہ ہار دیکھتے ہوئے رونا شروع کردیتے ہیں، ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو چیمپئن قرار دیا ہے۔

سلطان شاہ نے کہا کہ ہم نے کرکٹ کے میدان میں ہمیشہ بھارت کو شکست دی ہے، ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہت اچھی کرکٹ کھیلی، بھارت کا رونا فضول ہے، ٹیکنیکل کمیٹی نے ہمیں فاتح قرار دیا ہے۔

کپتان قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نثار علی کا کہنا ہے کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، بھارت کو ہار قبول کرنی چاہیے، اگر میچ ہو بھی جاتا تو ہم نے ہی کامیابی حاصل کرنی تھی، بھارت کو اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں فتح کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ پاکستان ٹیم بنگلادیش سے براستہ کولمبو واپس لاہور پہنچی۔

ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ میں پاکستان ٹیم ناقابل شکست رہی۔ پاکستان اور بھارت کا فائنل بارش کے باعث نہ ہوسکا تھا۔ میچ ریفری نے ٹورنامنٹ کے قواعد کے مطابق پاکستان کو فاتح قرار دیا تھا۔

لیگ میچز میں پاکستان نے سری لنکا، بنگلادیش اور بھارت کو ہرایا تھا۔