بالی ووڈ اداکارہ لارا دتہ ان دنوں اپنی فلم ‘رامائن’ کی کامیابی سے لطف اندوز ہو رہی ہیں، تاہم اب ان کی خوشی اس وقت دگنی ہو گئی جب ان کی بیٹی سائرہ نے کھیلوں کے میدان میں ایک بڑا اعزاز اپنے نام کیا۔ سائرہ نے متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ میں واقع ‘ٹینیس اینڈ کنٹری کلب’ میں منعقدہ ٹینیس چیمپئن شپ جیت لی۔
لارا دتہ نے انسٹاگرام پر ٹورنامنٹ کی چند تصاویر شیئر کی ہیں جن میں سائرہ کو ٹرافی اور پرائز چیک کے ساتھ پوز دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ لارا نے بیٹی کے ساتھ لفٹ میں لی گئی ایک سلفی بھی شیئر کی ہے۔ تاہم رازداری اور نجی زندگی کا خیال رکھتے ہوئے لارا نے تمام تصاویر میں بیٹی کا چہرہ ایموجی کے ذریعے چھپا دیا ہے۔
تصاویر کے ساتھ لارا دتہ نے پیار بھرا نوٹ لکھتے ہوئے کہا: "اپنی اس بچی (جو اب مجھ سے بھی لمبی ہو چکی ہے) کے ساتھ ٹور پر گئی تھی اور جیت کر واپس آئی ہوں! مجھے بہت فخر ہے۔”
واضح رہے کہ لارا دتہ نے معروف بھارتی ٹینس کھلاڑی مہیش بھوپتی سے فروری 2011ء میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں جنوری 2012ء میں بیٹی سائرہ کی پیدائش ہوئی تھی۔ مہیش بھوپتی بھارت کے انتہائی کامیاب ٹینس کھلاڑی رہے ہیں جنہوں نے مینز اور مکسڈ ڈبلز میں 12 گرینڈ سلام ٹائٹل جیت رکھے ہیں۔