پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ معروف جوڑی اداکارہ ایمن خان اور اداکار منیب بٹ نے کراچی کو محبت کرنے والا، مہمان نواز اور محفوظ شہر قرار دے دیا۔
انہوں نے لندن کے حالیہ دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے حالات میں بہتری کی امید ظاہر کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران جب اداکارہ سے ساتھی اداکارہ حنا الطاف کی کراچی پر تنقید کرنے والی ویڈیو کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ معذرت، میں نے یہ ویڈیو نہیں دیکھی، مجھے اس بارے میں زیادہ معلومات نہیں، لیکن میرے خیال میں ایسا کچھ نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان محفوظ ہے اور کراچی بھی محفوظ ہے، مجھے پاکستان سے محبت ہے اور کراچی بھی مجھے بہت عزیز ہے۔
ایمن خان نے لاہور کا ذکر کرتے ہوئے ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بہتر مستقبل کے لیے امید ظاہر کی۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی کراچی میں خود کو پابندیوں میں جکڑا ہوا محسوس نہیں کیا، مجھے کبھی ایسا محسوس نہیں ہوا کہ میں کہیں قید ہوں، لندن، لاہور اور اسلام آباد کی طرح کراچی میں بھی خود کو بہت آزاد محسوس کرتی ہوں، اس معاملے میں کراچی دیگر شہروں سے مختلف نہیں ہے۔
دوسری جانب منیب بٹ نے بھی سندھ کے بارے میں بعض لوگوں کی جانب سے پیش کی جانے والی تصویر سے اختلاف کیا۔
اداکار نے کہا کہ دیکھیں، میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ سندھ میں بھی صورتِ حال ایسی نہیں ہے جیسا کہ بعض لوگ بیان کرتے ہیں، فنکار جب کسی معاملے پر بیان دیتے ہیں تو وہ اپنے ذاتی تجربے کی بنیاد پر بات کر رہے ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ حنا الطاف نے حال ہی میں لندن کی سڑکوں پر چہل قدمی کے دوران ایک ویڈیو ریکارڈ کی تھی۔
ویڈیو میں انہوں نے کہا تھا کہ کراچی روانہ ہونے سے قبل لندن میں اپنا آخری ناشتہ انجوائے کرنا چاہتی ہوں اور ساتھ ہی انہوں نے کراچی کو جیل قرار دیا تھا۔
حنا الطاف کا دعویٰ تھا کہ کراچی میں خواتین آزادانہ زندگی نہیں گزار سکتیں اور ان کے لیے سڑکوں پر پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ برطانوی پارلیمنٹ نے حال ہی میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے خدمات کے اعتراف میں ایمن خان اور منیب بٹ کو اعزازات سے نوازا ہے۔