پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بھارتی نغمہ نگار جاوید اختر کو اپنے گھر عشائیے پر مدعو کرنے کی وجہ بتا دی۔
جاوید اختر نے فروری 2023ء میں اپنے دورۂ پاکستان کے دوران متنازع بیانات دیے تھے، جس کے بعد علی ظفر کی جانب سے ان کی میزبانی کرنے پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے۔
ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو کے دوران اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ جاوید اختر نے گھٹنے کی تکلیف کے باعث فرش پر بیٹھنے سے معذرت کرتے ہوئے کرسی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی، جبکہ دیگر مہمان فرش پر بیٹھے ہوئے تھے، تاہم مہمان نوازی کے تقاضے کے تحت میں نے جاوید اختر کے لیے کرسی کا انتظام کر دیا تھا۔
بعد ازاں فیض میلے میں شرکت کرنے والے جاوید اختر کے پاکستان سے متعلق بیانات سامنے آئے، جن پر علی ظفر کو بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے علی ظفر نے تسلیم کیا کہ لوگوں کے پاس اس دعوت پر سوال اٹھانے کی معقول وجوہات موجود تھیں۔
علی ظفر نے وضاحت پیش کی کہ جب جاوید اختر میرے گھر آئے تھے اس وقت تک مجھے ان کے متنازع بیانات کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا، کیونکہ وہ فیض میلے میں شرکت کر کے سیدھا میری طرف آئے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ جاوید اختر نے میرے گھر آنے کے بعد مجھ سے اس حوالے سے بات نہیں کی، اگر مجھے ان بیانات کا پہلے سے علم ہوتا تو میں یا تو اس پر معذرت کرتا یا انہیں بتاتا کہ کسی ملک کے مہمان بن کر وہاں قیام کے دوران اس کے بارے میں اس طرح کے عمومی بیانات دینا نامناسب اور حقائق کے منافی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بعد میں جاوید اختر نے خود مجھ سے رابطہ کیا اور اس تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میاں، یہ ہو گیا ہے۔
دوسری جانب ایک اور انٹرویو میں علی ظفر نے بالی ووڈ میں اپنے تجربات پر بھی گفتگو کی اور بتایا کہ بھارتی فلم انڈسٹری چھوڑنے پر زیادہ مایوسی کیوں نہیں ہوئی۔
علی ظفر نے اعتراف کیا کہ پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے مقابلے میں بھارتی انڈسٹری کا حجم بہت بڑا ہے اور ایسے وسیع پلیٹ فارم کو چھوڑنا آسان فیصلہ نہیں تھا، تاہم میں ابتداء ہی سے اس بات کو سمجھتا تھا کہ بھارت میں مجھے ملنے والے مواقع ہمیشہ برقرار نہیں رہ سکتے۔
علی ظفر نے خود کو ایسا شخص قرار دیا جو زندگی میں پیش آنے والی ناکامیوں اور مشکلات کو اپنی حوصلہ شکنی کا سبب نہیں بننے دیتا۔
ان کے نزدیک بالی ووڈ میں گزارا گیا وقت کامیابی کا واحد راستہ نہیں بلکہ کیریئر کا ایک اضافی اور خوش گوار باب تھا۔
اپنی کامیابیوں پر بات کرتے ہوئے علی ظفر نے اس تصور کو بھی مسترد کیا کہ میری صلاحیتوں کا انحصار بالی ووڈ فلموں میں کاسٹ کیے جانے پر تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ میں کسی ایک فلم انڈسٹری سے وابستہ ہوئے بغیر بھی کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں۔