بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ نیپال میں کیاکنگ (چھوٹی کشتی چلانا) کے دوران میری کشتی الٹ گئی تھی اور کچھ دیر تک کوئی بھی مجھے بچانے کے لیے نہیں آیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صحت یابی کے بعد امیتابھ بچن ایک بار پھر ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیزن 18 کی میزبان کر رہے ہیں، پروگرام کی حالیہ قسط میں سینئر اداکار نے نیپال میں کیاکنگ کے دوران پیش آنے والے خوفناک واقعے کے بارے میں بتایا۔
ایک امیدوار سے گفتگو کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے بتایا کہ جب میں ایک فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں نیپال میں موجود تھا تو کسی نے مجھے کیاکنگ کرنے کا مشورہ دیا، تاہم یہ تجربہ میرے لیے جان لیوا ثابت ہوتے ہوتے رہ گیا۔
امیتابھ بچن نے بتایا کہ میں اس واقعے میں ڈوبتے ڈوبتے بال بال بچا تھا، میں ابتداء میں کیاکنگ نہیں کرنا چاہتا تھا، تاہم بعد میں اسے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اداکار کے مطابق کیاک (کیاکنگ کے لیے استعمال ہونے والی چھوٹی کشتی) انتہائی تنگ تھی اور مجھے اس میں سوار ہونے کے لیے تقریباً 45 منٹ تک جدوجہد کرنا پڑی، تاہم کچھ ہی دیر بعد صورتِ حال مزید خراب ہو گئی اور چپو چلانے کے دوران میری کشتی الٹ گئی۔
اداکار نے واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کشتی ایک سمت میں موڑنی تھی، لیکن میں نے اسے دوسری سمت میں موڑ دیا، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی، مجھے پہلے بتایا گیا تھا کہ اگر ایسی صورتِ حال پیش آئے تو پانی کے اندر اپنے ہاتھ اوپر کی جانب دھکیل دوں تاکہ کشتی دوبارہ سیدھی ہو جائے، مگر یہ طریقہ کارگر ثابت نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ کشتی کو دوبارہ سیدھا کرنے کی کوشش کرنے کے بجائے میں نے قریب موجود لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنے ہاتھ ہلا کر لوگوں کو متوجہ کرنے کی کوشش کی تاکہ کسی کو اندازہ ہو سکے کہ میں ڈوب رہا ہوں۔
امیتابھ بچن نے اس تجربے کو انتہائی خوف ناک قرار دیتے ہوئے بتایا کہ کافی دیر تک کوئی بھی میری مدد کے لیے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ یقین نہیں کریں گے، لیکن کوئی بھی مجھے بچانے نہیں آیا، مزید یہ کہ ہم ایک فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے اور فلم کا ہیرو خود ڈوب رہا تھا، تاہم آبشار کے قریب کھڑے ایک شخص کو اندازہ ہو گیا کہ کچھ سنگین مسئلہ پیش آ گیا ہے، جس کے بعد اس نے کسی نہ کسی طرح مجھے پانی سے باہر نکال لیا۔
اداکار نے کہا کہ یہ واقعہ میرے لیے ایک انتہائی کٹھن تجربہ تھا، مجھے پانی سے باہر نکالنا بھی خاصا مشکل ثابت ہوا، بالآخر وہاں موجود افراد مجھے بچانے میں کامیاب ہو گئے۔