سلمان خان نے اپنی نئی متنازع فلم ماتربھومی کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ ہدایتکار اپوروا لاکھیا کی فلم 4 دسمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز کےلیے پیش کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ یہ فلم 2020ء میں لداخ کی وادیِ گالوان میں بھارتی اور چینی افواج کے درمیان ہونے والے فوجی تصادم پر مبنی ہے۔
فلم کی نمائش میں تاخیر پر بات کرتے ہوئے سلمان خان نے بتایا کہ ٹیم ویژول ایفیکٹس (وی ایف ایکس) اور گرافکس کا معیار انتہائی اعلیٰ بنانا چاہتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل وی ایف ایکس کے ماہرین ہر فریم کو زوم کر کے دیکھتے ہیں، ہم نہیں چاہتے تھے کہ کوئی ہماری تکنیکی غلطی نکالے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ فلم بصری طور پر ناظرین کو حیران کر دے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اداکارہ کے زخمی ہونے کی وجہ سے بھی فلم کا شیڈول جنوری، جون اور اگست سے اگے بڑھا کر دسمبر تک لے جانا پڑا۔
واضح رہے کہ اس فلم کا نام پہلے "بیٹل آف گالوان” رکھا گیا تھا جسے بعد میں تبدیل کر کے "ماتربھومی” کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان اس فلم میں 16 بہار ریجمنٹ کے کرنل بکوملا سنتوش بابو کا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جو چینی فوج کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہوگئے تھے۔
سلمان خان نے گزشتہ سال اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر جب اس فلم کا ٹیزر جاری کیا تھا، تو چینی سرکاری اخبار ‘گلوبل ٹائمز’ نے اس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اسے حقائق کی مسخ شدہ سینیماٹک پیشکش قرار دیا تھا۔