سنیتا آہوجا کو کوئی شخص گمراہ کر رہا ہے: گووندا

— فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کو اپنی خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں ان کی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچاؤں گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اہلیہ سنیتا آہوجا کی جانب سے اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ معاشقے کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد بالآخر گووندا نے خاموشی توڑ دی۔

62 سالہ اداکار نے اپنی اہلیہ کی جانب سے بے وفائی کے الزامات پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اہمیت اور اپنے رویّے کے حوالے سے مؤقف پیش کیا ہے۔

میڈیا سے خصوصی گفتگو میں فلم ’پارٹنر‘ کے اداکار نے دعویٰ کیا کہ سنیتا آہوجا کو کوئی شخص گمراہ کر رہا ہے اور ان پر اثرانداز ہو رہا ہے۔

گووندا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بات پر توجہ نہیں دیتا کہ لوگ کیا کہہ رہے ہیں، کیونکہ یہ محض ایک مرحلہ ہے جس سے ہم گزر رہے ہیں، ملک بھر میں، خصوصاً خواتین اسی انداز میں ردِعمل کا اظہار کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں خواتین کے ردِعمل پر کبھی اعتراض نہیں کرتا، میں خاموش رہتا ہوں اور احترام کا دامن نہیں چھوڑتا، کیونکہ میں جانتا ہوں کہ جب یہ مرحلہ گزر جائے گا تو زخم باقی رہ جائیں گے۔

اداکار نے کہا کہ میں اپنے طرزِعمل کے بارے میں کسی قسم کا شبہ پیدا نہیں کرنا چاہتا، جب تک کہ کوئی مجھے ایسا کرنے پر مجبور نہ کرے۔ 

ان کا یہ بھی کہا ہے کہ ہر گھر میں ایک وقت ایسا آتا ہے جب آپ کے قریبی لوگ آپ سے آگے کچھ دیکھنے کے قابل نہیں رہتے، وہ دوسروں کے اثر میں آ جاتے ہیں اور انہیں گمراہ کیا جا سکتا ہے۔

فلم ’راجہ بابو‘ کے اداکار کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب سنیتا نے اپنے شوہر پر ان کی آنے والی فلم ’روپا‘ کی ساتھی اداکارہ کومل رانی کے ساتھ معاشقے کا الزام عائد کیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب گووندا کو مختلف عوامی تقریبات میں کومل کے ساتھ دیکھا گیا۔