کراچی میں جاری 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی واپڈا کے ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا۔ واپڈا نے مختلف مقابلوں میں 10 گولڈ میڈلز حاصل کیے جبکہ نیوی نے دو اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ایک گولڈ میڈل جیتا۔
این ای ڈی یونیورسٹی میں چیمپئن شپ کے دوسرے روز مردوں کی 400 میٹر دوڑ میں واپڈا کے سلمان احمد نے 48 اعشاریہ 40 سیکنڈز میں مقررہ فاصلہ طے کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ واپڈا کے زاور شاہ نے سلور جبکہ پاکستان ایئرفورس کے عبدالمعید نے برانز میڈل جیتا۔
خواتین کی 400 میٹر دوڑ میں ایچ ای سی کی خولہ عمر خان نے 58 اعشاریہ 76 سیکنڈز کے وقت کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ واپڈا کی ردا دوسرے اور ایچ ای سی کی کنزہ سرفراز تیسرے نمبر پر رہیں۔
مردوں کی 10 ہزار میٹر دوڑ میں واپڈا کے سہیل عامر نے پہلی پوزیشن حاصل کی، پنجاب کے محمد زین دوسرے اور ایچ ای سی کے شاہد یاسین تیسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کی 10 ہزار میٹر دوڑ میں واپڈا کی ماریہ بی بی نے گولڈ، ایچ ای سی کی گونش بتول نے سلور اور واپڈا کی ماہ نور افضل نے برانز میڈل جیتا۔
مردوں کے جیولن تھرو مقابلے میں واپڈا کے محمد یاسر نے 74 اعشاریہ 63 میٹر دور نیزہ پھینک کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ نیوی کے عبدالقادر خان نے 67 اعشاریہ 25 میٹر تھرو کے ساتھ سلور جبکہ ایچ ای سی کے محمد بلال نے 66 اعشاریہ 69 میٹر تھرو کے ساتھ برانز میڈل جیتا۔
خواتین کے جیولن تھرو میں واپڈا کی فاطمہ حسین نے 41 اعشاریہ 76 میٹر تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پنجاب کی ثانیہ اعجاز نے سلور اور ایچ ای سی کی خدیجہ مہرین نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔
دوسرے روز نیوی کی امت الرحمٰن نے دو گولڈ میڈلز جیت کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے خواتین کی لانگ جمپ میں 5 اعشاریہ 54 میٹر اور ہائی جمپ میں ایک اعشاریہ 55 میٹر کی جمپ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
خواتین کی لانگ جمپ میں سندھ کی حفصہ نوید نے 4 اعشاریہ 82 میٹر جمپ کے ساتھ سلور میڈل جیتا جبکہ ہائی جمپ میں سندھ کی انایہ احسن نے ایک اعشاریہ 40 میٹر کی جمپ کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔
مردوں کی لانگ جمپ میں واپڈا کے فراز خان تنولی نے 7 اعشاریہ 24 میٹر جمپ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا جبکہ نیوی کے انصار عباس دوسرے اور پنجاب کے محمد عرفان تیسرے نمبر پر رہے۔
مردوں کے پول والٹ مقابلے میں واپڈا کے حسن نے 4 اعشاریہ 10 میٹر کی بلندی عبور کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ پنجاب کے عبدالرحمان نے سلور اور نیوی کے اکرام ظہور نے برانز میڈل جیتا۔
خواتین کی 100 میٹر ہرڈلز میں واپڈا کی غزالہ رمضان نے 15 اعشاریہ 47 سیکنڈز میں گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ مردوں کی 110 میٹر ہرڈلز میں واپڈا کے محمد اعظم نے 14 اعشاریہ 85 سیکنڈز کے وقت کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔