اداکارہ انجلی اروڑا کو شو آرگنائزرز نے سوا کروڑ ہرجانے کا نوٹس دے دیا

تصویر سوشل میڈیا۔

بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر اور اداکارہ انجلی اروڑا کو شو کے آرگنائزرز نے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ 

آرگنائزرز نے الزام عائد کیا ہے کہ انجلی نے 45 منٹ کی پرفارمنس کے معاہدے کے باوجود صرف 12 منٹ پرفارم کیا اور اس کے بعد اسٹیج چھوڑ کر چلی گئیں۔ اداکارہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے سروپ نگر پولیس اسٹیشن کانپور سے بھی رجوع کیا ہے۔

قانونی نوٹس میں مبینہ مالی نقصان کے علاوہ سماجی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو پہنچنے والے نقصان اور ذہنی اذیت کے ازالے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

تقریب کے آرگنائزرز نے دعویٰ کیا کہ تقریب میں موجود لوگوں نے ان کا رویہ خود دیکھا، وہ اس وقت ناراض ہوگئیں جب ان کا گانا ’کچا بادام‘ چلایا گیا، حالانکہ اسی گانے کی وجہ سے انہیں وسیع پیمانے پر شہرت ملی تھی۔ 

26 سالہ انجلی اروڑا  نے 19 اکتوبر کو انسٹاگرام پر تین ویڈیوز شیئر کرکے تنازع کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کیا اور کہا انھیں گانے پر کوئی اعتراض نہیں تھا، ان کے تحفظات سیکیورٹی انتظامات اور ذاتی حدود میں مداخلت سے متعلق تھے، ہوٹل کے کمرے کی ڈور بیل بار بار بجائی جاتی رہی، متعدد افراد تصاویر بنوانے کے لیے ان کے کمرے میں آتے رہے۔ 

تقریب کے منتظم نے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق ان کے الزامات کو مسترد کردیا۔