ساؤتھ یارکشائر میں غیر قانونی امیگریشن کیخلاف آپریشن، 6 افراد گرفتار

ساؤتھ یارکشائر: برطانیہ میں غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف دو ہفتوں پر مشتمل آپریشن لاک اسٹریم کے دوران پولیس نے 6 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ مجموعی طور پر 645 گاڑیوں کی تلاشی لی گئی۔

21 ستمبر سے 5 اکتوبر تک جاری رہنے والے آپریشن میں ساؤتھ یارکشائر پولیس، دیگر علاقائی پولیس فورسز اور بارڈر فورس نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران 10 کاریں اور 16 الیکٹرک سائیکلیں ضبط کی گئیں، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 8,550 پاؤنڈ کے 62 جرمانے عائد کیے گئے۔

پولیس نے 412 افراد سے پوچھ گچھ کی اور 63 انٹیلی جنس رپورٹس جمع کیں، جن میں سے 53 کا تعلق منظم غیر قانونی امیگریشن سے تھا۔ گرفتار افراد پر امیگریشن جرائم، دھوکہ دہی اور دیگر خلاف ورزیوں کا شبہ ہے۔

ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر جم ہارسفیلڈ کے مطابق منظم غیر قانونی امیگریشن برطانیہ کے لیے ایک اہم اور پیچیدہ خطرہ ہے۔ آپریشن کا مقصد جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیاں روکنا اور انسانی اسمگلنگ و استحصال کے خطرے سے دوچار افراد کا تحفظ کرنا ہے۔