بالی ووڈ کی مشہور فلم منا بھائی ایم بی بی ایس میں کرن کا مختصر کردار ادا کرنے والے نوجوان اداکار وشال ٹھاکر گزشتہ 10 سال سے لاپتہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکار 31 دسمبر 2015ء کی رات گھر سے 500 روپے لے کر نکلے تھے، ان کی آخری لوکیشن یکم جنوری 2016ء کو ممبئی کے قریب گھوڑ بندر روڈ پر ملی تھی، اس کے بعد ان کا فون بند ہو گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 سال گزر جانے کے باوجود اب تک وشال ٹھاکر کا کوئی سراغ نہیں مل سکا اور آج تک ان کے اہلِ خانہ ان کے منتظر ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لاپتہ ہونے سے چند ماہ پہلے نوجوان اداکار کی گرل فرینڈ نے ان پر ریپ اور تشدد کے الزامات عائد کیے تھے لیکن بعد میں شکایت واپس لے لی تھی۔
دوسری جانب وشال ٹھاکر کی والدہ درگا ٹھاکر کا کہنا ہے کہ مجھے اب بھی یقین ہے کہ ایک دن میرا بیٹا ضرور واپس آئے گا۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اداکار کو ڈھونڈنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن ان کا کہیں پتہ نہ چل سکا۔