یمنی افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ فضائیہ نے صوبہ تعز کے مختلف علاقوں میں حوثی جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر 20 فضائی حملے کیے ہیں۔
ترجمان یمنی مسلح افواج کے مطابق 3 گھنٹوں کے دوران حملوں میں حوثی جنگجوؤں کی نقل و حرکت، کمک، اجتماعات، اہلکاروں، گاڑیوں اور فوجی ساز و سامان کو نشانہ بنایا گیا۔
فوجی ترجمان نے بتایا ہے کہ کارروائیوں میں حمیر، بنی بکری، سمیع، العقروض، 60 ویں اسٹریٹ، الامور، میدی بنی حسن اور الوزیعہ کے علاقوں میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق فضائی حملوں میں حوثی اہلکاروں، ساز و سامان اور فوجی نقل و حرکت کو نقصان پہنچا ہے۔
یمنی فوج نے شہریوں کو حوثی فورسز کی فوجی نقل و حرکت اور رسد کے لیے استعمال ہونے والی سڑکوں سے اگلی ہدایات تک دور رہنے کی ہدایت کردی۔
فوجی ترجمان کے مطابق یہ اقدام شہریوں اور ان کی املاک کو فوجی کارروائیوں کے ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔