امریکی، اسرائیلی حملے و پابندیاں ایران کو جھکا نہیں سکتیں: ایرانی صدر

مسعود پزشکیان —فائل فوٹو 

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر پابندیاں اور حملے کر کے ایرانی عوام کو دبانے کی کوشش کی لیکن یہ اندازہ غلط ثابت ہوا، ایرانی عوام امریکی اور اسرائیلی حملوں کے سامنے ڈٹ گئے اور آئندہ بھی ثابت قدم رہیں گے۔

عرب میڈیا کو انٹرویو کے دوران مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کو خود انحصاری سے روکنا چاہتے ہیں تاہم ایران اپنے عوام پر سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے یہ سمجھ کر خطے کے ممالک کو جنگ میں گھسیٹا کہ ایرانی حکومت چند دنوں میں گر جائے گی۔

ایرانی صدر نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا خطے کے وسائل پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے مسلم ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کر رہے ہیں، امریکا نے مسلم ممالک کی فضائی حدود سے ایران پر حملے کیے۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ دشمن ایرانی حکام کے درمیان اندرونی اختلافات پیدا کرنا چاہتے تھے لیکن اس وقت ایران میں غیر معمولی اتحاد اور یکجہتی موجود ہے۔

یمن کی صورتِ حال پر ایرانی صدر نے کہا کہ حوثیوں اور سعودی عرب کو اپنے اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں، ایران اس تنازع کے حل میں مدد کر سکتا ہے۔ 

 مسعود پزشکیان نے واضح کیا کہ یمن میں جاری صورتِ حال کا ایران سے تعلق نہیں تاہم ایران ہر اس شخص کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے جس کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں اور خطے میں ایک بھائی کو دوسرے بھائی سے نہیں لڑنا چاہیے۔

ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ علاقائی سلامتی خطے کے ممالک کے باہمی تعاون سے ممکن ہے، اس خطے کو کسی بیرونی نگراں کی ضرورت نہیں۔