مشتاق خان کا مشہور ڈائیلاگ ’میری ایک ٹانگ نقلی ہے‘ فلم ’ویلکم‘ کا حصہ نہیں تھا: ہدایت کار انیس بزمی

— فائل فوٹو

بالی ووڈ کی مشہور فلم ویلکم کے ہدایت کار انیس بزمی نے انکشاف کیا ہے کہ مشتاق خان کی شہرت کا سبب بننے والا ڈائیلاگ ’میری ایک ٹانگ نقلی ہے‘ درحقیقت فلم کے اصل اسکرپٹ کا حصہ نہیں تھا۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انیس بزمی نے بتایا کہ مشتاق خان کا فلم میں کردار بہت مختصر تھا، تاہم انہوں نے پھر بھی کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

ہدایت کار نے بتایا کہ ابتداء میں مشتاق خان سے میں نے کہا کہ وہ باڈی گارڈ کے پیچھے کھڑے ہوں گے، تاہم میں نے انہیں یقین دلایا کہ ہم ان کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے، بعدازاں میں نے ان کے کردار پر مزید کام کیا اور ان کے لیے ایک منظر ترتیب دیا۔

انہوں نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے نانا پاٹیکر اور انیل کپور سے کہا کہ وہ دونوں نہیں بولیں گے بلکہ ان کے پیچھے کھڑا شخص بولے گا، وہ دونوں بہت اچھے اداکار ہیں اور میرے اچھے دوست بھی ہیں، انہوں نے فوراً رضامندی ظاہر کر دی۔

فلم ’ویلکم‘ 2007ء میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں اکشے کمار، کترینہ کیف، نانا پاٹیکر، انیل کپور، پریش راول اور ملیکا شراوت نے اہم کردار ادا کیے تھے۔

مشتاق خان کا مذکورہ مکالمہ فلم سے منسوب یادگار ترین جملوں میں شامل ہو گیا تھا۔

ہدایت کار نے بتایا ہے کہ اداکار نے ایک مرتبہ مجھے بتایا تھا کہ یقین کریں میں نے بہت سی فلموں میں کام کیا ہے، لیکن لوگ آج بھی اسی مکالمے کی وجہ سے مجھے پہچانتے ہیں۔

مشتاق خان نے اپنے فلمی کیریئر کے دوران متعدد ہندی فلموں میں کام کیا، جن میں ویلکم، غدر اور ہیرا پھیری شامل ہیں۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 56 سالہ مشتاق خان کی طبیعت تشویش ناک ہونے کے بعد انہیں ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، بعد ازاں کینسر سے زندگی کی جنگ لڑتے لڑتے ان کا انتقال ہو گیا، مرحوم کو گزشتہ روز ممبئی میں سپردِ خاک کیا گیا۔