کوئلے کی کان میں حادثہ، 4 کان کن جاں بحق

—فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں شاہرگ کوئلے کی کان میں میتھین گیس  بھر جانے سے 4 کان کن جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق  ہرنائی میں شاہرگ کے علاقے میں پی ایم ڈی سی کول مائن نمبر 151 سے 4  کان کنوں کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔

چیف مائنز انسپکٹر عاطف علی کا کہنا ہے کہ جاں بحق چاروں کانکنوں کی لاشیں اور دونوں زخمیوں کومتاثرہ کان سے نکال لیا گیا۔

عاطف علی نے مزید کہا ہے کہ کوئلے کی کان میں میتھین گیس بھرجانے کے سبب دھماکا ہوا

چیف مائنز اسپیکٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ کان حادثےمیں جاں بحق چاروں کان کنوں کا تعلق صوبہ خیبر پختون خوا کےعلاقے دیر سے تھا اور متاثرہ کان میں ریسکیو آپریشن کے دوران پھنسے 2 ریسکیو ورکرز کو بھی نکال لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق چاروں زخمی کان کنوں کو شاہرگ اسپتال سے ابتدائی طبی امداد ملنے کے بعد کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔