اکانکشا چمولہ کی 10 کروڑ بھارتی روپے نان نفقہ لینے کی افواہوں کی تردید

—فائل فوٹو

بھارتی اداکارہ اکانکشا چمولہ نے اداکار گورو کھنہ سے جاری طلاق کے معاملے میں 10 کروڑ بھارتی روپے نان نفقہ لینے کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

’لاک اَپ 2‘ میں شرکت کے بعد شہرت حاصل کرنے والی 35 سالہ اداکارہ نے ایک حالیہ گفتگو میں ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں نے اتنی بڑی رقم کا مطالبہ کیا ہوتا اور مجھے مل بھی گئی ہوتی تو میں یہاں بیٹھ کر وضاحتیں نہ دے رہی ہوتی۔

اکانکشا چمولہ نے کہا کہ اگر واقعی میرے پاس اتنی رقم ہوتی تو میں اب تک ملک چھوڑ کر جاچکی ہوتی، اگر میرے پاس اتنے پیسے ہوتے تو میں انہیں دنیا گھومنے اور نئی جگہیں دریافت کرنے پر خرچ کرتی۔

اکانکشا چمولہ نے ’لاک اَپ 2‘ کے پریمیئر میں انکشاف کیا تھا کہ گورو کھنہ کے ساتھ ان کی شادی طلاق کی جانب بڑھ رہی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے رشتے اور ماں بننے کے معاملے پر بھی بات کی۔

اداکارہ کے مطابق زیادہ تر لوگ شادی اس لیے کرتے ہیں کہ بچے ہوں اور خاندان آگے بڑھے، گورو کھنہ اپنی جگہ غلط نہیں تھے، تاہم میں ان کی اس خواہش کو پورا نہیں کر پارہی تھی۔

رپورٹس کے مطابق اکانکشا چمولہ اور گورو کھنہ کی پہلی ملاقات ایک آڈیشن کے دوران ہوئی تھی، جہاں سے ان کی محبت کی کہانی کا آغاز ہوا۔

دونوں نے 24 نومبر 2016ء کو کانپور میں تقریب کے دوران شادی کی تھی۔