پاکستان کو ہرا کر سری لنکن ٹیم فائنل میں پہنچ گئی

فوٹو: سوشل میڈیا

ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ 

دبئی میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 130 رنز بنائے۔ 

کپتان فاطمہ ثنا نے ناقابلِ شکست 47 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ شوال ظفر نے 24 اور گل فیرزہ نے 21 رنز بنائے۔ 

سری لنکا کی جانب سے چماری اتاپتو نے اور چمودی پرودا نے دو دو جبکہ سگوندیگا کماری نے ایک بیٹر کو آؤٹ کیا۔

دفاعی چیمپئن نے 131 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا، ہرشیتھا سمارا وکراما نے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے جبکہ کویشا دلہاری نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے 4 وکٹیں لیں جبکہ سعدیہ اقبال اور ام ہانی نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا فائنل 13 ستمبر کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔