ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے، آج ایران بیک وقت اسرائیل، امریکا کے خلاف کامیابی سے کھڑا ہونے میں کامیاب رہا ہے۔
نئی دلی میں مذہبی رہنماؤں، دانشوروں، کاروباری افراد سے خطاب میں ایرانی صدر نے کہا کہ اسرائیل امریکا ہمیں دھمکانا اور دباؤ میں لانا چاہتے ہیں، ہم دباؤ قبول نہیں کرنا چاہتے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ہم کبھی ان کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے، اگر وہ ہمیں دھکیلیں گے تو ہم بھی جواب دیں گے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایک ہی لمحے میں اسکول کے 168 بچوں کو شہید کردیا، آپ ہمیں دہشت گرد کہتے ہیں؟ آپ کا کیا جو انسانوں کو قتل کرتے ہیں، سائنسدانوں کو بمباری کا نشانہ بناتے ہیں اور اسکولوں، اسپتالوں پر حملے کرتے ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اگر آپ میں ہمت ہے تو صرف فوجیوں اور فوجی اہلکاروں سے لڑیں، آپ بنیادی ڈھانچے، لوگوں کے روزگار، زریعۂ معاش کو کیوں نشانہ بناتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان برکس اجلاس میں شرکت کے لئے بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں موجود ہیں۔