پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف میزبان، اداکار اور پروڈیوسر اظفر علی نے اپنی تیسری شادی کا اعلان کر دیا۔
اظفر علی سب سیٹ ہے، شاہ رخ کی سالیاں اور اب بجے گی شہنائی جیسے ڈراموں میں کام کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے مقبول پروگرام اظفر مانی شو کی میزبانی بھی کی۔
اپنے پیشہ ورانہ کام کے علاوہ اظفر علی اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے بھی خبروں میں رہے ہیں۔
ان کی پہلی شادی سلمیٰ حسن سے ہوئی، لیکن کچھ ہی عرصے بعد اس جوڑی میں علیحدگی ہوگئی، بعدازاں انہوں نے ڈرامہ سیریل ہم سفر سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ و میزبان نوین نقوی سے دوسری شادی کی، تاہم ان کی دوسری شادی بھی کامیاب نہ ہوسکی اور دونوں کی راہیں جدا ہوگئیں۔
حال ہی میں اظفر علی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنی تیسری شادی کا اعلان کیا اور تیسری شادی کی تفصیلات بھی بتائیں۔
اپنی تیسری شادی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ میں نے اس بارے میں کیمرے کے سامنے پہلے کبھی نہیں بتایا، لیکن میری شادی کو کچھ وقت ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں، میں نے تیسری بار شادی کی، یہ ایک ارینج میرج ہے اور یہ ایک بہت خوبصورت تجربہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میری بہنیں میرے پیچھے پڑی ہوئی تھیں کیونکہ میں شادی میں دلچسپی نہیں رکھتا تھا۔ پھر میری بہن نے میرے لیے رشتہ تلاش کیا، ردا دبئی میں رہتی تھیں اور وہاں شعبۂ انسانی وسائل (ایچ آر) کی سربراہ تھیں۔
اظفر علی نے مزید کہا کہ شادی سے قبل میں نے اپنی ہونے والی اہلیہ سے پاکستان منتقل ہونے کی درخواست کی تھی، کیونکہ میں دبئی میں مستقل رہائش اختیار نہیں کر سکتا تھا۔
ان کے بقول ہم نے 6 ماہ تک بات چیت کی اور پھر اکتوبر 2025ء میں ہماری شادی ہوگئی۔
اپنی شخصیت میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے اظفر علی نے کہا کہ دوسری طلاق کو 12 سال گزر چکے ہیں اور اس دوران زندگی کے تجربات نے مجھے بدل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ میں بھی بدل گیا ہوں، اب میں زیادہ منکسر المزاج ہوگیا ہوں، ایک انسان کی حیثیت سے میں بدلا ہوں، مختلف تجربات نے مجھے تبدیل کیا ہے۔ اب میں رشتوں کو مختلف انداز سے دیکھتا ہوں، میں اپنی اہلیہ پر کوئی چیز مسلط نہیں کر رہا، پہلے میں اپنے کیریئر پر زیادہ توجہ دیتا تھا لیکن اب میں اپنی ذاتی زندگی پر بھی توجہ دے رہا ہوں۔