عمان کے ساحل کے قریب متاثرہ آئل ٹینکر کو بچانے کے لیے کام جاری ہے۔
برطانوی بحری سلامتی کی کمپنی ایمبری نے کہا ہے کہ وہ عمان کے ساحل کے قریب تیل بہنے کا سبب بننے والے متاثرہ ٹینکر کیرولین بیزینگی کو بچانے کی کارروائی میں مصروف ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایمبری نے کہا ہے کہ امدادی اور بحری جہاز کارروائی میں معاونت کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، جبکہ ماہر اہلکار پہلے ہی ٹینکر پر سوار ہو چکے ہیں تاکہ جہاز کی اندرونی صورتِ حال کا جائزہ لے سکیں اور اس کے کارگو اور جہاز کو مستحکم کرنے کا عمل شروع کیا جا سکے۔
کمپنی نے کہا کہ وہ عمان کے متعلقہ حکام سمیت تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تیل کے اخراج سے نمٹنے والی ایک معروف بین الاقوامی کمپنی کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
اس سے قبل عمان کی ماحولیاتی اتھارٹی نے بتایا تھا کہ کیرولین بیزینگی سے خارج ہونے والا تیل ساحل تک پہنچ گیا ہے، جس کے بعد ٹینکر کو بچانے کی کارروائی شروع کی گئی، یہ ٹینکر جون میں ساحل سے ٹکرانے کے بعد سے خام تیل خارج کر رہا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق تیل راس مدرکہ کے ساحلوں تک پہنچ چکا ہے اور عمان کے وسطی ساحلی علاقے میں 40 کلومیٹر (25 میل) تک آلودگی پھیل چکی ہے۔