چین کے خلائی پروگرام کےلیے 2 پاکستانی خلا نورد منتخب ہوگئے ہیں۔
اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن(اسپاکو) نے انسانی خلائی مشن پروگرام میں اہم پیشرفت کا اعلان کیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق پاکستانی خلانورد محمد ذیشان علی اور خرم داؤد چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کے لیے منتخب ہوگئے ہیں۔
اسپارکو کے مطابق 2 پاکستانی خلاباز تجربات کےلیے خلا میں جائیں گے، جو جدید تربیت کےلیے چین روانہ ہوچکے ہیں۔
اسپارکو کے مطابق پاکستان انسانی خلائی پروازوں کے پروگرام میں فعال کردار ادا کرنے والے ملکوں میں شامل ہے۔ مشن 2026ء کے آخر میں متوقع ہے، ایک پاکستانی خلا باز شین زو مشن میں بطور پے لوڈ ایکسپرٹ ذمہ داریاں انجام دے گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ان میں سے ایک پاکستانی خلا نورد فلائٹ مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ خدمات سر انجام دے گا اور چین کے خلائی اسٹیشن میں پہلا غیر ملکی خلا باز بن جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسپارکو کی خلائی تحقیق کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت کو سراہا اور پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اور لازوال دوستی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ انسانی خلائی مشن میں شرکت کے لیے پاکستان کا انتخاب دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کا مظہر ہے۔