بھارتی دارالحکومت دہلی میں 22 سالہ انجینئرنگ گریجویٹ لڑکی اپنے گھر میں مردہ پائی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد موبائل چارجر کے تار سے گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے میں ملوث 19 سالہ سابق گھریلو ملازم راہول کو دوارکا کے ایک ہوٹل سے گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم کو ایک ماہ قبل دیگر ملازمین سے قرض لے کر واپس نہ کرنے کے سبب گھر سے نکال دیا گیا تھا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ دہلی آنے سے چند گھنٹے پہلے ملزم نے راجستھان کے ضلع الور میں بھی ایک خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
متاثرہ خاتون کے اپنے اہلِ خانہ کو اطلاع دینے پر معلوم ہوا کہ ملزم اس کے شوہر کا دوست تھا اور دونوں میں پہلے سے جان پہچان تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم پہلے الور میں واردات کے بعد دہلی پہنچا جہاں اس نے پہلے اپنے سابق مالکان کی لڑکی کے ساتھ زیادتی کی اور بعد ازاں اسے قتل کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی اصل وجہ ابھی زیرِ تفتیش ہے تاہم نوکری سے نکالے جانے کا غصہ بھی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے، مزید حقائق ملزم سے تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔